اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ ہمیں دشمن کے روایتی اور ہائبرڈ حملوں کا توڑ کرنے کیلئے مسلح افواج کی پیشہ وارانہ تیاریوں کے ساتھ ساتھ ہائبرڈ جنگی حکمت عملی وضع کرنا ہو گی، معاشرے کے تمام طبقات کو مساوی مواقع فراہم کرنا ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ایئرپورٹ ہیڈکوارٹرز (پی اے ایف) میں پہلی ایرو سپیس اینڈ نیشنل سکیورٹی ورکشاپ ایرون 2021 ئکے شرکا میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ قوم تب بنتی ہے جب معاشرے کے ہر طبقے کے مسائل حل ہوں، ہمیں دشمن کے روایتی حملوں کے ساتھ ہائبرڈ حملوں کا بھی توڑ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سیاست اور پالیسیوں میں مسلسل تبدیلیاں ہو رہی ہیں، قومی سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے عالمی سطح پر بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں جدید طریقوں پر مبنی حکمت عملی اختیار کرنا اہم ہے ۔، سوشل میڈیا کے منفی اثرات کو کنٹرول کرنے کیلئے انفرادی سطح پر کوششیں کرنا ہوں گی، عالمی سیاسی صورتحال اور پالیسیاں تیزی سے بدلتی رہتی ہیں۔ نئے سکیورٹی اتحاد کے تناظر میں عالمی منظرنامہ ہر لمحے تبدیل ہو رہا ہے ، ہمیں بدلتی عالمی صورتحال کے مطابق خود کو تیار کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا پاکستان کی مسلح افواج ملکی سرحدوں کے دفاع کیلئے مکمل تیار ہیں، دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنائینگے ،پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بہادر قوم کے طور پر ابھر کر سامنے آیا۔ صدر مملکت نے پاک فضائیہ کی تیاریوں کو سراہا ۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ورکشاپ کے شرکا میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے ۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو شیلڈ پیش کی۔