اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،92 نیوز رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک،نیٹ نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے بھارت میں ریاستی دہشتگردی کے پوری دنیا پر تباہ کن اثرات ہوں گے ،میں مسلسل نشاندہی کررہا ہوں کہ اگر عالمی برادری نے صورتحال میں مداخلت سے مزید گریز کیا تو ان واقعات کے تباہ کن نتائج محض خطے تک ہی محدود نہیں رہیں گے بلکہ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیں گے ،دنیا مودی سرکار کے نسل پرست اور فسطائی ہونے کی حقیقت تسلیم کرے اور اس کا راستہ روکے ۔اپنی ٹویٹس میں انہوں نے کہا بھارتی پولیس اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے غنڈوں نے نئی دہلی میں ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلمانوں کا قتل عام کیا۔دہلی میں مسلمانوں کا قتل عام اور پولیس اور آر ایس ایس کے غنڈوں کے ذریعے ریاستی دہشتگردی 20 کروڑ بھارتی مسلمانوں کوبالکل اسی طرح شدت پسندی کی جانب دھکیلے گی جیسے قابض بھارتی افواج کے اہل کشمیر پر مظالم اور کم و بیش 1 لاکھ کشمیریوں کی شہادتوں کے بعد کشمیری نوجوان شدت پسندی کی جانب مائل ہوئے ،نئی دہلی میں ریاستی دہشتگردی سے 20 کروڑ بھارتی مسلمانوں کے بنیادپرست بننے کا خدشہ ہے ۔ وزیراعظم نے کہاہندوبالادستی کا مودی کاایجنڈا 1930 میں نازیوں کے ہاتھوں یہودیوں کے قتل عام کی طرز پرخونریزی کامنصوبہ ہے جب تمام بڑی طاقتوں نے ہٹلر کی خوشامد کی،مودی نے بطور وزیراعلیٰ گجرات میں مسلمانوں کا نہایت منظم قتل عام کیا اور آج وہی سلسلہ نئی دہلی میں دہرایا جارہا ہے ۔مسلمانوں کے جلتے گھروں، دکانوں، عبادت گاہوں ،قبرستانوں کے مناظر اوراسلام کے نام لیواؤں پر تشدد اور انکے قتل کی تصاویر نازیوں کی بربریت سے زندہ بچ نکلنے والے یہودیوں کی تصاویر سے ملتی جلتی ہیں۔وزیراعظم نے امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان معاہدے کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہایہ دہائیوں سے جاری جنگ کے خاتمے ،اس کے شکار افغانیوں کے مصائب کے خاتمہ اورامن ومفاہمتی عمل کانقطہ آغازہے ،میں نے ہمیشہ افغان مسئلے کے سیاسی حل پرزوردیا،مذاکرات چاہے جتنے پیچیدہ ہوں امن کاواحدراستہ ہیں،معاہدے کونقصان پہنچانے والے عناصرسے فریقین کوچوکنارہناہوگا،چاردہائیوں سے خون خرابے سے دوچارافغانیوں کے لیے امن کی دعاکرتاہوں،افغان امن میں کردارادا کرنے اورمعاہدے کی پاسداری یقینی بنانے کیلئے کردار ادا کرنے کے حوالے سے پاکستان پرعزم ہے ۔