کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا تسلسل دوسرے روز منگل کو بھی برقرار رہا اور کے ایس ای100انڈیکس 30ہزار کی نفسیاتی حد بحال کرتے ہوئے مزید856.80پوائنٹس کے اضافے سے 30419.22 پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا جب کہ 71.84 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈکیا گیا جس کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں ایک کھرب 25ارب 30کروڑ66لاکھ روپے بڑھ گئے اور کاروباری حجم بھی 39.08فیصد زائد رہا ۔مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس 856.80پوائنٹس کے اضافے سے 30419.22 پوائنٹس بندہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 494.74پوائنٹس اضافے سے 14347.63 پوائنٹس،کے ایم آئی 30 انڈیکس1317.02پوائنٹس اضا فے سے 47695.29 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 466.35 پوائنٹس اضافے سے 22273.17 پوائنٹس پربندہوا ۔گزشتہ روزمجموعی طورپر373کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہواجن میں سے 268کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،86کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ19کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ ادھرانٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر گھٹ گئی جبکہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کی قدر مستحکم رہی۔ انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں3پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 158.70روپے سے کم ہو کر158.67روپے اور قیمت فروخت 158.80روپے سے کم ہو کر158.77روپے ہو گئی تاہم مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 158.50روپے اور قیمت فروخت159روپے پر بدستور برقرار رہی۔دریں اثناایسوسی ایشن کے مطابق منگل کو ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونا500مہنگا ہو کر 88ہزار500روپے جبکہ دس گرام سونا435روپے مہنگا ہو کر75ہزار874روپے کا ہو گیا۔