پشاور( سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ مصباح الحق نے ابھی حال ہی میں کرکٹ ٹیم کے حوالے ذمہ داریاں سنبھالی ہیں ، 2ٹی ٹونٹی میچوں میں شکست پر تنقید کا نشانہ بنانا درست نہیں ،تھوڑا وقت دینا ہوگا وہ ضرور اچھا کریں گے ۔وزیراعلیٰ ہائوس پشاورمیں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ نیا کوچ آیاہے ان کا الگ طریقہ ہے ، مصباح کو وقت دیناچاہیے ، سری لنکا کی یہ اصل ٹیم نہیں لیکن پھر بھی ہم ان سے ہار گئے جس پر دکھ ضرور ہے تاہم فوری طورپر ردعمل دینا بھی مناسب نہیں۔مصباح الحق نے ابھی حال ہی میں کرکٹ ٹیم کے حوالے سے ذمہ داریاں سنبھالی ہیں جنہیں دو ٹی ٹونٹی میچوں میں شکست پر تنقید کا نشانہ بنانا درست نہیں، تھوڑا وقت دینا ہوگا وہ ضرور اچھا کریں گے ۔مصباح الحق عمر اکمل اور احمد شہزاد کو لایا کیونکہ وہ پرانے کھلاڑیوں کو آزمانا چاہتا تھا تاہم وہ پرفارم نہیں کرسکے تو اسی بنیاد پر مستقبل میں فیصلے ہوں گے ۔وسیم اکرم نے کہا کہ پشاور میں کرکٹ ہونی چاہیے ،اب لاہور اور کراچی سے کرکٹ گئی، ٹیلنٹ تو یہاں خیبرپختونخوا میں ہے ، مجھے تو لگ رہا ہے کہ تین سال بعد ساری کی ساری ٹیم ادھر سے ہوگی۔وسیم اکرم نے کہا کہ میں 23 سال سے ذیابیطس کا مریض ہوں، مگر علاج اور پرہیز کی وجہ سے بالکل فٹ ہوں۔