لاہور (جنرل رپورٹر،اپنے رپورٹر سے )صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے فیصل ٹاؤن لاہور میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن پروگرام’’احساس، کوئی بھوکا نہ سوئے ‘‘کے تحت لنگر خانے کا افتتاح کر دیا۔ لنگر خانہ اپنی مدد آپ کے تحت شروع کیا گیا ہے اور اس کے لئے حکومت کی جانب سے کوئی معاونت یا امداد وصول نہیں کی جائے گی۔ دوسری طرف وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ’’کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام‘‘ کے تحت میٹروپولیٹن کارپوریشن نے چار موبائل کچن وینز تیار کرلیں۔کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے کچن وینز کامعائنہ کیا، وینز شہر کے پسماندہ علاقوں میں روزانہ دو وقت کا کھانا فراہم کریں گی۔ ڈاکٹر مراد راس نے بتایا کہ قائم کردہ لنگر خانے میں روزانہ کی بنیاد پر مستحق اور غریب افراد کو دو وقت کا معیاری کھانہ فراہم کیا جائے گا اور اس لنگر خانے کے قیام سے روزانہ ایک ہزار سے زائد لوگ مستفید ہو سکیں گے ۔صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس کا مزید کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینہ میں بھی سحری اور افطاری کے اوقات میں مستحق افراد کو بہترین اور معیاری کھانا فراہم کیا جائے گا۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ کوروناکی بدولت لوگ بڑے پیمانے پر مشکلات کا شکار ہوئے ہیں، موجودہ صورتحال میں تمام صاحب استطاعت افراد کو عوامی فلاح کے کاموں میں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے ۔