فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے سپورٹس ملک عمر فاروق کے والد ملک مشتاق احمد کی زیر سرپرستی میلاد مصطفی ڈجکوٹ میں منعقد ہوئی جس میں عوام کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ محفل میں عراق سے آئے ہوئے سجادہ نشین دربارعالیہ حضرت غوث پاک خالد عبدالقادر،سندھ کی معروف روحانی شخصیت حضرت حافظ غلام محمد ساہو اور چیئرمین مدینہ فائونڈیشن میاں محمد حنیف کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔اس محفل میں اویس رضا قادری، شہباز قمر فریدی، زبیب مسعود، عرفان چشتی اور دیگر معروف نعت خوانوں نے گلہائے عقیدت پیش کرکے شرکا پر وجد طاری کردیا۔اس موقع پر حضرت خالد عبد القادر نے معاون خصوصی ملک عمرفاروق کی دستار بندی کی۔محفل میں شرکت کرنے والے 10 خوش نصیبوں کو بذریعہ قرعہ اندازی عمرے کے ٹکٹ بمعہ تمام اخراجات بھی د ئیے گئے ۔