ممبئی(نیٹ نیوز) بالی ووڈ سٹار سلمان خان کے والد اور معروف بھارتی فلمساز سلیم خان نے بابری مسجد پر بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں مسجد کی نہیں بلکہ بہتر سکولوں کی ضرورتہے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق بابری مسجد کیس سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر رد عمل میں سلیم خان نے کہاکہ سپریم کورٹ نے ایودھیا میں 5 ایکڑ کی جو زمین مسجد کے لیے دینے کا حکم دیا ہے اس پر سکول قائم ہونا چاہیے اور وہ مسلمانوں کے حوالے کیا جائے کیونکہ بھارت کے مسلمانوں کو مسجد کی نہیں سکولوں اور ہسپتالوں کی ضرورت ہے ۔سلیم خان نے کہا کہ نبیﷺ نے اسلام کی دو صفات بیان کیں کہ محبت اور معاف کرنا، تو اب ایودھیا کا معاملہ ختم ہونے کے بعد مسلمانوں کو ان دو صفات کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے ، اس طرح کی چیزوں کو اب مت دہرائیں اور بس یہاں سے آگے بڑھیں ، اب اسے قبول کریں کیونکہ ایک برسوں پرانا تنازع حل ہوچکا ہے ۔ مسلمانوں کو ایودھیا تنازع پر بحث نہیں کرنی چاہیے بلکہ انہیں اپنے بنیادی مسائل پر بحث کرتے ہوئے ان کا حل تلاش کرنا چاہیے ۔دوسری جانب شاعر اور کئی کامیاب فلموں کے مصنف جاوید اختر نے بھی ایودھیا کیس کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مسجد کے لیے دی جانے والی زمین پر ہسپتال بنانا چاہیے کیوں کہ مساجد بڑی تعداد میں موجود ہیں لیکن اچھے ہسپتالوں کی کمی ہے ۔