کراچی(کامرس رپورٹر )پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو کاروباری اتار چڑھاؤ کے بعد مندی کا رجحان غالب آگیا جس کی وجہ سے انڈیکس 400پوائنٹس کی کمی سے 43ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے گر کر 42900پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بند ہوا ۔مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 76ارب روپے ڈوب گئے جبکہ70فیصد حصص کی قیمتیں گر گئیں ۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں منگل کو کاروبار کا آغاز مثبت ہوا تاہم منافع خوری کی خاطر فروخت کے دباؤ کے نتیجے میں مارکیٹ تنزلی کا شکار ہو ئی اور مندی کے بادل چھا گئے اور کاروباری کے اختتام پر مارکیٹ منفی زون میں بند ہوئی۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں منگل کو کے ایس ای100انڈیکس میں426.82پوائنٹس کی کمی ہوئی جس سے انڈیکس 42906.94پوائنٹس پر آگیا ۔جبکہ کے ایس ای 30انڈیکس166.10 پوائنٹس کی کمی سے 17857.10پوائنٹس،آل شیئرانڈیکس 191.60پوائنٹس کے خسارے سے 30199.26پوائنٹس اور کے ایم آئی30انڈیکس786.24پوائنٹس گھٹ کر69695.75پوائنٹس پر بند ہوا۔دریں اثناء عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں کمی کے باوجود مقامی مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت250روپے اضافے سے 1لاکھ12ہزار750اور دس گرام سونے کی قیمت214روپے اضافے سے 96ہزار665روپے ہوگئی۔ انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر 2 پیسے گھٹ گئی ، اسی طرح 10پیسے کی کمی سے مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت160.80روپے سے کم ہو کر160.70روپے پر آ گئی ۔