اسلام آباد، راولپنڈی (سپیشل رپورٹر،92 نیوز رپورٹ)آرمی چیف نے کہاہے کہ کھیلوں میں ملک کی نمائندگی باعث فخر ہے ،مستقبل میں کھلاڑیوں کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کرنے والے ایتھلیٹس سے ملاقات میں کیا۔آئی ایس پی آر کے مطا بق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ عالمی سطح کے کھیلوں میں پاکستان کی نمائندگی ملک کے لئے فخر کا باعث ہے ،پاک فوج تمام کھلاڑیوں کو مستقبل میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتی ہے ۔ آرمی چیف سے ملاقات کرنے والے قومی کھلاڑیوں میں ارشد ندیم،طلحہ طالب،حوالدارمحمد خلیل اختر،سپاہی گلفام جوزف شامل تھے ۔آرمی چیف نے اتھلیٹس کی کوششوں کوسراہا،آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ایتھلیٹس کی اولمپکس میں شرکت سے قوم بالخصوص نوجوان متاثر ہوئے ،انہوں نے کہاکہ پاک فوج نے ہمیشہ کھیلوں کی حمایت کی ہے ،عالمی سطح کے کھیلوں میں پاکستان کی نمائندگی ملک کے فخر کا باعث ہے ،پاک فوج تمام کھلاڑیوں کو مستقبل میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتی ہے ،تمام کھلاڑیوں نے ان کی کوشش کو سراہنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔