واشنگٹن (نیٹ نیوز) امریکی گلوکارہ جینیفر گراؤٹ کا کہنا ہے کہ قرآن کی تلاوت کرنا ایک انتہائی خاص چیز ہے جس میں آپ ایک روحانی عمل کے ذریعے ، خدا کے کلام کا استعمال کرتے ہوئے اپنے فنکارانہ خیالات کو پیش کر سکتے ہیں۔بی بی سی پشتو کو خصوصی انٹرویو میں انہوں نے اپنی تلاوت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اپنی آواز کو کسی طریقے سے بھی استعمال کر لینا ایک نعمت ہے ، یہ ایک انتہائی بے مثال چیز ہے کیونکہ آلاتِ موسیقی کے برعکس یہ کوئی بیرونی چیز نہیں بلکہ آپ کے اندر سے آ رہی ہے ۔ جینیفر گراؤٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسلام سے پہلے ان کا کسی مذہب کی جانب رجحان نہیں تھا ،مجھے ایسا لگتا ہے کہ میں نے اسلام کو نہیں بلکہ اسلام نے مجھے چنا ہے ، میں نے قرآن کو سمجھنے کے لیے ایک استاد کی خدمات حاصل کی ہیں، ہم اس وقت ایک ایسے معاشرے میں رہتے ہیں جو کہ ظاہری حالت پر ہی زور دیتا ہے اس لیے بطور ایک انسان، بطور ایک مسلمان ہمارا کام ہے کہ باطن کی افزائش پر کام کریں ۔