لاہور(جنرل رپورٹر ) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدکی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے ہائی ڈیپینڈنسی یونٹس میں کوروناوائرس کا شکارمریضوں کیلئے 1775 بسترمختص کئے گئے ہیں۔لاہور کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے ایچ ڈی یوزکی استعدادکاربڑھائی جارہی ہے ۔لاہورکے سرکاری ہسپتالوں کے ایچ ڈی یوزمیں کوروناوائرس کا شکارمریضوں کیلئے 855بستر مختص ہیں۔پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرزکی تعدادبڑھائی جارہی ہے ۔اس وقت پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں کوروناکے حوالہ سے ایمرجنسی نافذہے ,لاہورکے جناح ہسپتال کاآؤٹ ڈورمکمل طورپربندرہے گا۔ پنجاب کے سات اضلاع لاہور، راولپنڈی، گجرات، گوجرانوالہ،سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان کے ٹیچنگ ہسپتالوں کے چار ڈیپارٹمنٹس ڈرماٹولوجی،ای این ٹی،ڈینٹل اور آئی کے آؤٹ ڈوربندرہیں گے ۔ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجنسیز میں مریضوں کا علاج جاری رہے ۔سیکرٹری صحت برسٹرنبیل اعوان نے لاہور سمیت پنجاب کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے علاج کی تفصیلات پیش کردیں۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی70سال عمر سے زائد بیمار اوربزرگ شہریوں کی ویکسینیشن کیلئے مزید آسانیاں پیداکرنے کی ہدایت کر دی, 70سال عمر سے زائد بزرگ شہریوں کی گھروں میں ویکسینیشن کی جارہی ہے ۔عوام ویکسینیشن یا صحت سے متعلق معلومات حاصل کرنے کیلئے 1033پررابطہ کریں۔