لاہور(جنرل رپورٹر؍کرائم رپورٹر)میڈیکل بورڈ نے مسلم لیگ(ن) کے قائد، سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بلڈپریشر، شوگر، دل، گردوں، شریانوں کے مختلف امراض کی تصدیق کردی۔ بورڈ نے ان کو عارضہ قلب کے لئے سپیشلائزڈ ہسپتال بھجوانے کی سفارش بھی کی ہے ۔سروسز ہسپتال لاہور میں نواز شریف کا علاج کرنے والے 6 رکنی میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر محمود ایاز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نواز شریف کو بلڈ پریشر، شوگر، گردوں، خون کی شریانوں اور دل کا مسئلہ ہے ۔ ڈاکٹر محمود ایاز نے کہا نوازشریف کے تمام ضروری ٹیسٹ کرلئے ہیں تاہم ٹیسٹ رپورٹس سے متعلق کچھ نہیں بتاسکتے ، ہم نے ان کی دواؤں میں معمولی ردوبدل کیا ہے ، میڈیکل بورڈ نے تجاویز محکمہ داخلہ پنجاب کو بھیج دی ہیں اور سفارش کی ہے کہ ان کا دل کا سپیشلائزڈ علاج کیا جائے ۔انہو ں نے کہا نواز شریف کا علاج پاکستان میں ممکن ہے ، انہیں شفٹ کرنے کا حتمی فیصلہ محکمہ داخلہ کرے گا۔ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے نواز شریف کو جیل منتقل کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کی ہسپتال سے جیل منتقلی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا،میڈیکل بورڈنے نئی رپورٹس کا معائنہ کرناہے ،رپورٹس کا جائزہ لے کر جوبھی ہدایات کی جائینگی، ان پر عمل ہوگا۔علاوہ ازیں نوازشریف سے مریم نواز ، رانا تنویر، پرویز ملک،علی پرویز، خواجہ عمران نذیر، غزالی بٹ، چودھری شہباز، میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید و دیگر نے ملاقات کی۔مریم نواز اپنے والد کے لئے گھر سے کھانا بھی لائیں۔نوازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث معیشت تباہ ہوچکی، تحریک انصاف کی حکومت ہمارے منصوبوں کو اپنا نام دے رہی ہے ۔آن لائن کے مطابق نوازشریف نے کہا حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث معیشت کا برا حال ہوگیا، صحت کارڈ ہمارے دور کا منصوبہ ہے ، حکومت ہمارے دور کے منصوبوں پر اپنا لیبل لگا رہی ہے ۔ نوازشریف نے کہا ڈاکٹر کہتے ہیں ٹینشن نہ لیں،ٹینشن والی بات توڈاکٹرز کو انہیں بتانی چاہئے جواصل میں مجھے ٹینشن دے رہے ہیں۔ مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا میاں صاحب خود چاہتے ہیں کہ انہیں جیل واپس بھیجا جائے ۔رانا تنویر نے کہا حکومت کی طرف سے ڈیل کی بات کی جا رہی ہے ، کس سے ڈیل ہو رہی ہے ،یہ بھی بتائیں؟دریں اثناء سروسز ہسپتال کے وی وی آئی پی رومز کے باہر لیگی کارکنان کی بڑی تعداد موجود رہی ۔لیگی کارکنان اپنی فیملیز کے ہمراہ سروسز ہسپتال پہنچے ہیں۔کارکنوں کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی خیریت دریافت کرنے روز آتے ہیں ،ہمارا جینا مرنا نواز شریف کے ساتھ ہے ۔علاوہ ازیں ہسپتال کی سکیورٹی میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ لیگی کارکنوں کی طرف سے لگائے گئے کیمپ میں کارکنوں کے اضافہ کے باعث پولیس کے سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار سروسز ہسپتال کے قرب وجوار میں بھی تعینات ہیں۔