ملتان (سپیشل رپورٹر ) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد غیر فطری ہے ، اتحاد میں مختلف ایجنڈوں کے لوگ شامل ہوئے ہیں ہیں، جلسے جلوسوں کے ماہر ہیں، ہم ان سے خائف نہیں ہوتے ، لیگی قیادت کے خلاف مقدمہ میں غداری کی دفعات شامل نہیں، اپنے تمام قومی اداروں پر اعتماد ہے اور تمام ادارے آئینی حدود میں رہ کر کام کر رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ صاف نظر آ رہا ہے کہ اپوزیشن مک مکا کی طرف دیکھ رہی ہے ، تاہم حکومت کا احتساب کے عمل پر کسی قسم کی رعایت دینے کا کوئی ارادہ نہیں۔ انہوں نے کہا قومی اداروں پر تنقید کرنے والے کس کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں ؟ اس وقت پاکستان مخالف ایجنڈا کو ہوا دی جا رہی ہے ، کسی کی حب الوطنی پر شک نہیں کر رہا ۔ اپوزیشن کے جلسے کورونا کو ہوا دیں گے ، تمام ادارے آئین کے اندر رہتے ہوئے اپنا کام کر رہے ہیں ، ہمیں اپنے قومی اداروں پر اعتماد ہے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ماضی میں مہنگے معاہدوں کا ذمہ دار کون ہے ؟اپوزیشن اکنامک ریکوری کے راستے میں رکاوٹ نہ بنے ، آٹے کی قیمت کو مستحکم کرنے کے لئے واضح پالیسی بنائی ہے ۔