لاہور(گوہر علی) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے بائیکاٹ کے دوران پبلک اکاؤنٹس کمیٹی(ٹو) کے فیصلوں کو مترو ک قرار دینے کیلئے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی سے مداخلت کا مطالبہ کرنے فیصلہ کیا ہے ،ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کا موقف ہے کہ بائیکاٹ کے دوران کورم کے بغیر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی(ٹو) کے اجلاس منعقد ہورہے ہیں ، کورم کے بغیر اجلاسوں کی کوئی حیثیت نہیں، اس لئے اس پبلک اکاؤنٹس کمیٹی(ٹو) کے فیصلوں کو کالعدم قرار دیا جائے ،ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) باضابط طو ر پر سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی کا خط لکھے گی جس میں یہ مطالبہ بھی کیا جائے گاکہ مسلم لیگ (ن) کی غیر موجودگی میں حکومتی اراکین کی طرف سے اعلی سرکاری افسران پر دباؤ ڈالنے کا بھی انکشاف ہواہے ، سرکاری ملازمین پر دباؤ ڈالنے کا معاملہ غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے اس معاملہ کا بھی نوٹس لیا جائے ،ذرائع نے مزید بتایا کہ مسلم لیگ (ن) اپنی عدم موجودگی میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی(ٹو) کی کارروائی کے بارے میں بھی آگاہی چاہتی ہے اور اس سلسلہ میں وہ متعلقہ افسران سے بھی رابط کرے گی ، مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ روز کور کمیٹی کے اجلاس میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی(ٹو) کی کارکردگی زیر بحث رہی اور ایک سرکاری آفسر کی طرف سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی(ٹو) کے خلاف چیف سیکرٹری کو لکھے گئے خط کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔