لاہور (سپورٹس رپورٹر) آسٹریلیا کے سابق کرکٹر ڈین جونز نے بھی پاکستان کی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے لیے درخواست جمع کرادی۔مصباح الحق اور نیوزی لینڈ کے سابق کوچ مائیک ہیسمین کی طرح 58 سالہ ڈین جونز بھی قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ بننے کی دوڑ میں شامل ہوگئے ۔خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کی کوچنگ کے فرائض بھی ڈین جونز کے پاس ہی ہیں جن کی کوچنگ میں یہ ٹیم 2 مرتبہ چیمپئن بننے میں بھی کامیاب ہوئی۔یاد رہے کہ پی سی بی نے کرکٹ کمیٹی کی سفارشات منظور کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، باؤلنگ کوچ اظہر محمود اور ٹرینر گرانٹ لڈن کے معاہدوں میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔اس فیصلے کے بعد پی سی بی نے ہیڈکوچ سمیت بیٹنگ کوچ اور باؤلنگ کوچ کے عہدے کے لیے اشتہار دے دیا تھا۔اشتہار میں کہا گیا ہے کہ عہدے کے لیے درخواست دینے کے خواہشمند افراد تفصیلات ویب سائٹ سے حاصل کر سکتے ہیں۔ بورڈ نے کوچنگ کے خواہش مند امیدواروں کے لیے معیار کا بھی اعلان کیا ہے اور بیٹنگ، باؤلنگ اور ہیڈ کوچ کے لیے لیول 2 کورس اور 3سال کا تجربہ لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ٹرینر کے لیے سپورٹس میڈسن یا سپورٹس سائنس میں بیچلر ڈگری کیساتھ 3 سال کا تجربہ لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ پی سی بی اعلامیے کے مطابق ہیڈ کوچ کے لیے انٹرنیشنل کرکٹر کو ترجیح دی جائے گی لیکن دس سال فرسٹ کلاس کرکٹ کا تجربہ رکھنے والے کھلاڑی بھی درخواست دے سکتے ہیں۔بیٹنگ اور باؤلنگ کوچ کے لئے بھی امیدوار کا متعلقہ شعبے میں تجربہ دیکھا جائے گا۔شارٹ لسٹ کیے جانے والے امیدواروں کے انٹرویو کیے جائیں گے اور پھر کوچنگ سٹاف کی تقرری کا اعلان کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق سابق کپتان مصباح الحق، نیوزی لینڈ کے سابق کوچ مائیک ہیسمین اور ڈین جونز ہیڈ کوچ کے عہدے کی دوڑ میں شامل ہیں۔