اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ افغان امن عمل میں ہمارا کردار مثبت رہا ہے ،پاکستان کا مثبت کردار اور قیام امن کیلئے کوششیں، کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں،ہمارا افغانستان میں کوئی فیورٹ نہیں ہے ،افغانستان کا اگر فوجی حل ہوتا تو وہ نکل چکا ہوتا،ہم افغانستان کے معاملات میں مداخلت نہیں چاہتے ،اچھے ہمسائے کا کردار ادا کرنے کیلئے تیارتھے اور تیار ہیں۔ وزیرخارجہ نے بدھ کو افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے اپنا اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ اشرف غنی کے الزامات بھی جاری ہیں پھربھی ہمارارویہ مثبت ہے ،ہم افغانستان میں بہتری چاہتے ہیں، آج دنیا افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کوششوں کو سراہ رہی ہے ۔ وزیرخارجہ نے کہاکہ افغانستان کے حالات کی ذمہ داری پاکستان پرڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔۔ وزیرخارجہ نے کہاکہ افغانستان میں تشدد میں اضافے پر ہمیں تشویش ہے ،ہم نہیں چاہتے کہ کوئی بزوربازو افغانستان میں مسلط ہو۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ 25سے 30ہزارلوگ روزانہ بارڈرکراس کرتے ہیں،اس لئے ہمیں تشویش ہے کہ ایسے عناصر داخل نہ ہوں جو حالات خراب کریں، ہمیں یہ بھی ادراک ہے کہ افغانستان ایک لینڈ لاک ملک ہے ،ہمیں اس کیلئے درمیانہ راستہ اختیار کرنا ہوگا،سیکورٹی کونسل کے اجلاس میں بھارت کا رویہ افسوسناک تھا، عالمی برادری اور سلامتی کونسل کواس کانوٹس لیناچاہیے تھا۔ اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ، صباح نیوز، آن لائن)پاکستان اور عراق نے اقوام متحدہ سمیت عالمی فورمز پر دو طرفہ تعاون بڑھانے اور سیاسی مشاورت کے عمل کو آگے بڑھانے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر اتفاق کیا ہے ۔یہ اتفاق رائے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ سطح کے مذاکرات میں ہوا، عراقی وفد کی قیادت عراق کے وزیر خارجہ فواد حسین جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کی۔مذاکرات کے دوران دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور عراق کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔مذاکرات کے بعدمشترکہ پریس کانفرنس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بولے عراقی وزیر خارجہ کو پاکستان میں دیکھ کر مسرت ہوئی۔ دونوں ممالک کے مابین تعلقات علاقائی اقتصادی روابط کا حصہ ہیں۔ دفاعی امور، افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات بڑھانے پر اتفاق ہوا۔عراقی وزیرخارجہ ڈاکٹر فواد حسین نے اعلان کیا ہے کہ عراق کے شہروں کے دورے میں پاکستانیوں کے لیے ویزوں کے حصول میں آسانی کریں گے ۔ افغانستان کی صورتحال پرتشویش ہے ،کشمیرکامسئلہ پاکستان اوربھارت کوحل کرنا ہے ۔پاکستان اور عراق نے و طرفہ سیاسی تعاون کے فروغ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے ،ڈاکٹر فواد اور شاہ محمود قریشی نے دستخط کئے ۔علاوہ ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے عراق کے وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔صدر مملکت نے کہا ہے پاکستان اور عراق کے مابین دفاعی تعاون مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے ، پاکستان عراق کی سالمیت اور خودمختاری کی حمایت کرتا رہے گا،عراقی وزیر خارجہ پاکستانی زائرین کو ویزا کی فراہمی، مقدس مقامات پر سہولیات میں مدد فراہم کریں ۔ عراقی وزیر نے اسلام آباد میں عراقی سفارت خانے کو زائرین کو ویزا دلانے کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔