شیخوپورہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی،نیٹ نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے زیر حراست ن لیگی رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ حق بات پر ڈٹے ہیں جبکہ ہم غداری غداری کھیلنا بہت برسوں سے سنتے آرہے ہیں،سچ کہنا غداری تو بار بار کرینگے ۔گزشتہ روزشیخوپورہ میں جاوید لطیف کے گھر آمد کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے مزید کہا کہ آئین ، قانون اور حق کی بات کرنیوالا غدار ہے تویاد رکھو پورا پاکستان غدار ہے ۔ غداری کا لقب جاوید لطیف کو نہیں بلکہ شیخوپورہ کے عوام کو دیا گیا ۔ جب حق، آئین اور قانون، سچائی کی بات ، بہادری سے ڈر لگتا ہے تو بیگ کھلتا ہے اور اس سے غداری کا لقب نکل آتا ہے ، غداری اور فتوے لگائے جاتے ہیں۔ کبھی مذہب کا فتویٰ نکل آتا ہے اور کبھی اس سے چور اور ڈاکو کا لقب نکل آتا ہے ،تاہم اب غداری کے فتوے بانٹنے والوں پر کوئی یقین کر نے کو تیار نہیں۔ شیخوپورہ والوں کا سر فخر بلند ہونا چاہئے کہ نوازشریف کے شیر، پاکستان اور شیخوپورہ دھرتی کے بیٹے جاوید لطیف نے حق بات پر ڈٹے رہ کر نہ صرف نواز شریف اور شیخوپورہ بلکہ پاکستان کی مٹی کاحق ادا کردیا۔ نواز شریف نے اپنی قوم کو سر اٹھا کر چلنا سکھا دیا، میں بتاؤں کہ غدار کون ہے ،عوام جانتے ہیں کہ غدار کون ہے ، ایک زمانہ تھا کہ جب غدار کرسیوں پر بیٹھے ہوتے تھے تو لوگ ان کے کرسی چھوڑنے کا انتظار کرتے تھے ، آج وہ کرسیوں پر بیٹھے ہیں اور عوام کہنے سے گھبرا نہیں رہے ۔ غدار اس کو کہتے ہیں جو امریکہ میں بیٹھ کر کشمیر کا سودا کر کے کشمیر کو بھارت کی جھولی میں دے آتا ہے ، غدار اس کو کہتے ہیں جو ٹی وی پر بیٹھ کر کہے کہ پاکستان کے سفرا ٹھیک کام نہیں کر رہے ، جو چھپ کر کشمیر کو بیچنے کا پلان بنا رہا ہو اس کو غدار کہتے ہیں، غدار اس کو کہتے ہیں جو ایک منتخب وزیر اعظم کے گھر پر چڑھائی کرتے تھے ، غدار اس کو کہتے ہیں جو 22 کروڑ عوام کی زندگیوں سے کھیلے اور ان کو بھکاری بنا دے ، غدار اس کو کہتے ہیں جو عوام کو رمضان میں ایک کلو چینی کیلئے لائنوں میں لگا دے ۔ نواز شریف نے تو صرف بیانیہ دیا تھا، نواز شریف کے مخالفین نے خود ہی نواز شریف کے بیانیے پر مہر ثبت کر دی۔ نواز شریف ایک سورج جو ایک بار پھر طلوع ہونے کو ہے جبکہ عمران خان کے اقتدار کا سورج غروب ہونے کو ہے ، ان لوگوں کا یوم حساب قریب آگیا ہے ۔ قوم جان گئی کہ اگر ملک کے حالات کوئی ٹھیک کر سکتا تو وہ ہے نواز شریف، آج ہر اس شخص کیساتھ کھڑی ہوں جو نواز شریف کے بیانیے کیساتھ کھڑا ہے ، اگر غداری کے فتوے بانٹنے کا اتنا ہی شوق ہے تو جن کو آئین نے غدار کہا ان کو راتوں رات کیوں فرا کرا دیا جس جس کو غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹ رہے ہو تاریخ انہیں ہیرو کے طور پر یاد رکھے گی، وہ وقت بھی قریب ہے جب نواز شریف ہمارے درمیان موجود ہونگے ۔یہودی کی کمپین چلانے والے کس منہ سے فلسطینیوں کی بات کر رہے ہیں۔