لاہور(کرائم رپورٹر)لاہورمیں آن لائن ٹیکسی سروس میں لڑکی آمنہ حسین کے قتل کا سراغ نہ لگایا جاسکا ۔پولیس نے مقتولہ کی سہیلی سمیت دو افراد کو حراست میں لے لیا ۔ بیٹی کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے ۔والد نے سٹیزن پورٹل پر پولیس کے خلاف شکایت درج کرادی۔ آن لائن ٹیکسی سروس میں لڑکی کا قتل پو لیس کے لیے معمہ بن گیا ۔ والد نے تفتیش کو ناقص قرار دے کر سٹیزن پورٹل سے رجوع کرلیا ۔پولیس کے مطابق واقعہ رواں اگست کو بند روڈ پر پیش آ یا۔ ملتان روڈ سے رائیڈ بک کرانے والی آمنہ حسین کو بند روڈ پر دن د یہاڑے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ۔ قاتل کون ہے ؟ پولیس تاحال تعین نہ کرسکی ۔مقتولہ آمنہ اپنی بہن کے ساتھ بوتیک چلارہی تھی ۔ پولیس کے مطابق ملزم لڑکی کے قتل کے بعد اسکا موبائل بھی ساتھ لے گئے تھے جس کی وجہ سے تحقیقات میں مشکلات پیش آ رہی ہیں ، مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن انعام وحید نے بھی واقعہ کا نوٹس لیکر تحقیقات کا حکم دے رکھا ہے ۔