لاہور،وزیرآباد(نامہ نگار،این این آئی) وزیر اطلاعات فیاض چوہان نے کہا ہے کہ شہباز شریف منی لانڈرنگ میں ملوث رہے جس پر ان کی گرفتاری عمل میں آئی،ن لیگ باہر چلی گئی، ش لیگ اندر ہو گئی، صرف میم لیگ رہ گئی ہے جو اب کھل کر اپنا کھیل کھیل رہی ہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ن لیگ واحد جماعت ہے جس کی گنگا الٹی بہتی ہے ۔ تعجب ہے کہ ان کی مودی کے ساتھ ملاقاتیں جائز اورعسکری قیادت کے ساتھ ملاقاتیں ناجائز ہیں۔ نوازشریف کی ایک تقریر نے شہبازشریف کا دھڑن تختہ کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ کے ٹو پر چڑھیں یا یواین او جائیں انہیں عمران خان این آر او نہیں دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان گرفتار ہوئے تو ن لیگ انہیں خلیفہ کا درجہ دے گی۔وزیرآباد میں سابق ٹکٹ ہولڈر شبیراکرم چیمہ کیساتھ اشرف پیلس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو نمازیں پڑھنے پر نہیں بلکہ کرپشن کرنے پر پکڑا گیا ۔ادارے خود مختار ہیں اپنا کام کر رہے ہیں ۔جب بھی شریف برادران کے خلاف فیصلہ آتا ہے تو ن لیگ اداروں پر دباؤبڑھانے کے لئے نیب زدگی کا رونا شروع کر دیتی ہے ۔ جو بھی جرم کرتا ہے اسے قانون کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔