لاہور،اسلام آباد( نامہ نگار خصو صی ، سٹاف رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک )مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دینے پرحکومت اورڈی جی ایف آئی اے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کی منظوری دیدی۔بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف نے سینیٹر و قانونی ماہر اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز سے مشاورت مکمل کرلی ، توہین عدالت کی درخواست کل ( سوموار) کو لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی جائے گی۔دریں اثنامسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے قومی سیاسی رہنمائوں کو ٹیلی فون کر کے عیدالفطر کی مبارکباد دی ، شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ٹیلیفونک رابطے میں پی ڈی ایم اجلاس بلانے اور اسرائیلی وحشیانہ حملوں پر بھی تبادلہ خیال کیا ،پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو، آصف زرداری، سینیٹر سراج الحق، لیاقت بلوچ، علامہ ساجد میر، شاہ اویس نورانی، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ،فیصل سبزواری ،اسفند یار ولی، غلام احمد بلور، آفتاب احمد خان شیرپا ،اختر مینگل، محمود خان اچکزئی اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کر کے عید الفطر کی مبارکباد دی ۔شہباز شریف نے اپنے والدین، بھائی اور بھابھی کی قبروں پر بھی حاضری دی ، فاتحہ خوانی کی، رکن قومی اسمبلی قیصر شیخ کے گھر جا کر ان کے بیٹے عرفان قیصر کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ، پارٹی کے گرفتار رہنما جاوید لطیف کے بھائی اور صاحبزادے کو بھی ٹیلی فون کرکے نیک تمنائوں کا اظہار کیا، شہباز شریف جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کے گھر بھی گئے اور پروفیسر محفوظ الرحمان نعیمی مرحوم اور صاحبزادہ تاجور نعیمی مرحوم کے اعلیٰ درجات کے لئے دعاکی۔