برسلز(صباح نیوز)کشمیر لبریشن فرنٹ یورپ زون کے زیر اہتمام گذشتہ روز برسلز میں یورپی یونین کی پارلیمنٹ کے باہرمقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کیخلاف بھرپور مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت زونل جنرل سیکرٹری ظہیر زاہد، صدر بلجیم برانچ مشتاق دیوان اورجنرل سیکرٹری بلجیم برانچ مسعوداقبال میر کر رہے تھے جبکہ بچے اور بچیوں کے علاوہ متعدد سینئر لیڈران و کارکنان مظاہرے میں شریک تھے ۔ علاوہ ازیں جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ یورپ زون کے صدر چودھری تنویر اور حافظ مظہر اقبال نعیمی کی قیادت میں بھارتی وزیر خارجہ کی آمد پر فن لینڈکی پارلیمنٹ کے باہر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے پیش نظربھارتی جارحیت کیخلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ دونوں مظاہروں میں شرکا نے بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں اردو اور انگریزی کے علاوہ فنش اور فرنچ زبان میں بھی فلک شگاف نعرے بلند کئے ۔