اسلام آباد؍راہوالی(خصوصی نیوز رپورٹر؍ نامہ نگار)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ چار روز سے شہباز شریف کے حوالے سے ٹی ٹی شریف خاندان کی کارستانیاں میڈیا میں مسلسل بے نقاب ہو رہی ہیں مگر انکے ترجمان قوم کو 18 سوالوں کے جواب دینے کی بجائے آئیں بائیں شائیں سے کام لے رہے ہیں، ماڈل ٹائون کے دفاتر اور رہائش گاہ کو منی لانڈرنگ کا ذریعہ بنایا گیا ،کیش بوائز کو سرکاری نوکریاں عطا کرکے ان کے ذریعہ کرنسی نوٹ بوریوں میں بھر کر منی لانڈرنگ کرکے باہر بھیجے جاتے اور پھر ٹی ٹیز کے ذریعہ انکے اکائونٹس میں رقم آتی رہی ،اب یہ لوگ اپنی لوٹ مار کا جواب دینے سے قاصر ہیں۔انہوں نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا مریم نواز لندن میں اپنے بھائیوں، رشتہ داروں کے ہوتے ہوئے والد کی تیمار داری کا بہانہ بنا کر ای سی ایل سے نام نکلوانے کیلئے کوشاں ہے ، کوئی بھی ملزم یا مجرم ،ملک میں علاج معالجہ کا پوری طرح حقدار ہوتا ہے جبکہ بلاول بھٹو بھی اپنے والد آصف زرداری کو علاج کیلئے باہر لے جانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا پوری قوم دیکھ رہی ہے کہ عمران کے بغض میں انکے ترجمان میڈیا پر آ کر ہم سے ایک سال کی کارکردگی کا حساب مانگ رہے ہیں جبکہ کئی دہائیوں سے نسل در نسل حکمران بنے رہے اور گدھ بن کر ملکی خزانہ کو نوچتے رہے ۔انہوں نے کہا گوجرانوالہ میں ن لیگی ٹولہ نے کرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم کئے رکھا، اسکا بھی حساب لیا جائے گا۔ فردوس عاشق اعوان نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ پوری مسلم لیگ(ن) مفروروں کے پاس ڈیرے جمائے بیٹھی ہے ، ستم ظریفی یہ ہے کہ قانون کو مطلوب لوگ بھی قانون سازی میں شامل ہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے ایک اور ٹویٹ میں کہا ہے کہ آج سے 27سال قبل 6دسمبر 1992ئکو ہندو انتہا پسند جماعت آر ایس ایس کی جانب سے بابری مسجد کی شہادت کے دن کی مناسبت سے بھارت کی جانب سے فلم پانی پت ریلیز کی گئی، جس میں افغان ہیرو احمد شاہ ابدالی کے تشخص کو مجروح کرنے کی ناکام کوشش کی گئی، اس سے افغانوں اور مسلمانوں کے حوالے سے بھارت کی متعصب اور منفی سوچ کی عکاسی ہوتی ہے ۔علاوہ ازیں فردوس عاشق اعوان نے اے پی این ایس کے جنرل سیکرٹری سرمد علی کی والدہ ماجدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور دعا کی کہا للہ تعالیٰ مرحومہ کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے ۔