لاہور(سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ن نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کا فرضی افتتاح کردیا،تقریب جی پی او چوک مال روڈ پر ہوئی جس کی صدار ت ن لیگ لاہورکے صدر پرویزملک نے کی، اس موقع پر ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور لیگی رہنمائوں اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اورنج لائن ٹرین کے افتتاح کی خوشی میں سینکڑوں غبارے فضا میں چھوڑے گئے ۔ افتتاحی تقریب میں قائد ن لیگ نوازشریف اورلیگی رہنما خواجہ عمران نذیر کی صحت یابی کیلئے دعا بھی کی گئی۔ن لیگ کے مرکزی رہنما خواجہ احمد حسان نے اورنج لائن میٹروکی فرضی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف شہبازشریف کی جانب سے قوم کو مبارکباد دیتاہوں اورنج لائن منصوبہ عوام اور ماحول دوست منصوبہ ہے آج اس قابل ہوئے کہ اورنج لائن منصوبہ چلے گا لیکن حکومت وقت کو بتانا چاہتاہوں جو مرضی کر لو۔اڑھائی لاکھ افراد ٹرین میں بیٹھیں گے تو دل سے دعا نوازشریف اور شہبازشریف کیلئے ہی نکلے گی ۔اورنج لائن منصوبے کو روکنے کی تمام کاوشیں ناکام ہوئیں ۔چینی صدر اور وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتاہوں جنہوں نے بجلی اور میٹرو ٹرین کا منصوبہ مکمل کرایا۔ن لیگ کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عطااللہ تارڑ نے خطاب میں کہا کہ ملک میں جب بھی ترقی و خوشحالی کا دورآیا تو نوازشریف نے آغاز اور مکمل بھی کیا۔ملک میں بارہ ہزار میگا واٹ بجلی نوازشریف اور شہبازشریف لائے ۔جس بجلی پر پی ٹی آئی والے ہم پر تنقید کرتے ہیں وہ ہم ہی ملک میں لیکر آئے ۔چیئرمین نیب بی آر ٹی پر نوٹس لیں، وہاں بسیں نہیں چل سکیں تو چنگ چی چلا دیں ۔ پرویز خٹک نالائق اعظم کے اوپننگ بیٹسمین سے بی آر ٹی منصوبہ نہیں بن سکا اورہم نے تین میٹرو بس منصوبے بنائے ۔صدر لاہور پرویز ملک نے کہا کہ اورنج لائن بڑا منصوبہ ہے ،لاہوریوں کی جانب سے چین، نوازشریف اور شہبازشریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔دن رات محنت کرکے اورنج لائن ٹرین کو شہبازشریف نے مکمل کیا،موجودہ حکومت ہمارے نام پر اپنی تختیاں لگا رہی یہ کم ظرفی ہے ۔رکن پنجاب اسمبلی رانا مشہود نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین افتتاحی تقریب کی وجہ سے خواجہ عمران نذیر پر حملہ کیاگیا ،حکومت 24 گھنٹوں میں ایکشن لے ، ہم بدمعاشی نہیں چلنے دینگے ، حکومت کو گرائیں گے ۔ن لیگ پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اورنج ٹرین شہبازشریف کا لاہوریوں کیلئے بہترین تحفہ ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے ٹرین کی افتتاحی تقریب میں شرکت سے معذرت کرکے ذہانت کا ثبوت دیا۔اورنج ٹرین کو سفید ہاتھی قراردینے والے آج شرم سے پانی پانی ہورہے ہیں۔ پنجاب کا پیسہ حکومتی شاہ خرچیوں پر اڑادیا گیا،کفایت شعاری کا نعرہ لگانے والوں نے پروٹوکول اور ہیلی کاپٹر کے سیر سپاٹوں پر کروڑوں خرچ کردیئے ۔سابق لارڈ میئر لاہور کرنل (ر)رانا مبشرجاوید نے کہا کہ جان بوجھ کر سرکاری گاڑی نے خواجہ عمران نذیر کی گاڑی کو ٹکر ماری گئی ۔لیگی رکن قومی اسمبلی ملک ریاض نے کہا کہ اس منصوبے کو کامیاب کرانے میں خواجہ احمد حسان کا کردارہے ۔اس موقع پرسید توصیف شاہ، چودھری شہباز ،شائستہ پرویز ملک، علی پرویز ملک ، عامر خان ،رائے لیاقت ایڈووکیٹ بھی موجود تھے ۔