لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی رونا وائرس کا شکار ہو چکی، جب تک تحریک انصاف اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہے تب تک اپوزیشن رونا روتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ عزیز میمن کی گستاخی یہ تھی کہ اس نے بلاول کے ٹرین مارچ کیلئے دیہاڑی پر لائے گئے شرکاء کو بے نقاب کرنے اور بلاول کی سیاسی پوزیشن ایکسپوز کی۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے سپیریئر یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام انٹرنیشنل کانفرنس برائے انجینئرنگ اینڈ ایمرجنگ سائنسز کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ عزیز میمن نے کچھ دن پہلے مجھ سے کال پر بھی پیپلز پارٹی کی قیادت کی جانب سے دھمکیوں کا اعتراف کیا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اسمبلی فلور پر شستہ انگریزی میں تقریر کر کے بلاول خود کو جمہوری پارٹی کا لیڈر سمجھتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے گزشتہ بارہ سال سے پورے سندھ میں قتل و غارت گری کا بازار گرم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آوارہ کتوں کا علاج تو شاید ہو لیکن آوارہ لیڈروں کے کاٹنے کا علاج نہیں ہو سکتا۔