لاہور،فیصل آباد،راولپنڈی،حافظ آباد(کرائم رپورٹر، سپیشل رپورٹر، وقائع نگارخصوصی، خصوصی رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر، 92نیوز رپورٹ ، مانیٹرنگ ڈیسک) اینٹی نارکوٹکس فورس ( اے این ایف ) نے مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر و رکن قومی اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ کو انکی گاڑی سے منشیات برآمدہونے پر گرفتارکر لیا۔گزشتہ روزاے این ایف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی نے راناثنائاﷲ کی گرفتاری کی تصدیق کردی۔ترجمان اے این ایف ریاض سومرو کے مطابق راناثنااﷲ کواے این ایف لاہورنے گرفتارکیا۔ بعدازاں راناثنااﷲ کوتفتیشی سنٹرلے جایاگیاجہاں ان سے تفتیش جاری ہے ۔ رانا ثنائاﷲ کی گاڑی سے منشیات کی بڑی مقدار برآمدہوئی، ان کیخلاف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیاجائیگا۔رانا ثنائاﷲ کوآج ریمانڈ کیلئے نارکوٹکس کورٹ میں پیش کیا جائیگا،انکی گرفتاری بہت سے شواہد اور ثبوتوں کی روشنی میں کی گئی،بہت جلدمعلومات منظرعام پرآجائینگی۔ رانا ثنااﷲ کی ضلع کچہری میں پیشی کیلئے لاہور پولیس نے سخت سکیورٹی کاپلان تیار کر لیاہے ۔ اینٹی رائٹ فورس کے اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا اور کنٹینرز لگا کر سڑک کو بلاک کردیا جائے گا۔ کسی بھی لیگی کارکن یا شرپسند عناصر کو سختی سے روکا جائے گا۔ذرائع کے مطابق ٹھوس ثبوت اورمصدقہ اطلاعات کی بنیادپر کارروائی کرتے ہوئے سکھیکی کے قریب موٹروے سے راناثنااﷲ کو گرفتار کیاگیا۔ راناثنائاﷲ ن لیگ کے اجلاس میں شرکت کیلئے فیصل آباد سے لاہور آرہے تھے ۔ راناثنااﷲ کی گاڑی سے برآمد ہونیوالی منشیات کی مقدار15کلوتک ہوسکتی ہے ۔رانا ثنائا ﷲ کا تعلق منشیات فروشوں سے ہے جبکہ منشیات فروشوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے رہا ہے ۔ذرائع نے مزید دعویٰ کیا کہ رانا ثنائا ﷲ سے منشیات فروشوں کیساتھ تعلق کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ رانا ثناء اﷲ پر کالعدم تنظیموں کی مالی معاونت کرنے کے الزامات بھی رہے ہیں۔سابق وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اﷲ کا نام سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مرکزی ملزموں کے طور پر بھی لیا جاتا ہے ۔۔ذرائع کا بتانا ہے کہ تین ماہ قبل اے این ایف کے سپیشل انویسٹی گیشن سیل نے 6 سے 7 منشیات فروشوں کی گرفتاریاں کی تھیں جن سے تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ یہ لوگ رانا ثناء اﷲ کے ساتھ ملکر کام کرتے ہیں اور پھر ان شواہد اور انکی کچھ کال ریکارڈنگ کی بنیاد پر بخاری نامی شخص کو حراست میں لیا گیا، ان پر الزام ہے کہ یہ لوگ کالعدم تنظیموں کیلئے فنڈ جمع کرتے تھے ۔تحقیقات میں پتہ چلا کہ دنیابھرمیں منشیات سمگلنگ میں سینئرسیاستدان بھی ملوث ہے اوررانا ثنا ہیروئن کی بڑی مقدار بیگز میں چھپا کر اسلام آباد سے لاہور سمگل کرینگے ۔ ان ہی شواہد کی بنا پر رانا ثنا کو گرفتار کیا گیا ۔ اے این ایف لاہور ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ جو ایک حاضر سروس بریگیڈیئر بھی ہیں انکی نگرانی میں سپیشل انویسٹی گیشن سیل نے رانا ثناکے ڈیرے پر چھاپہ بھی مارا تھا جہاں موجود لیگی رہنما کے خاندان کے کچھ لوگ چھاپے سے قبل وہاں سے جا چکے تھے ۔ذرائع کے مطابق اے این ایف کے فورس کمانڈر لاہور ریجن خالد محمود رانا ثنا سے خود بھی تفتیش کرینگے ،جونیئر افسروں و اہلکاروں کورانا ثنا سے پوچھ گچھ اور بات چیت سے روک دیا گیا ہے ۔دریں اثنا گرفتاری کی خبرسنتے ہی پندرہ سے بیس ن لیگی کارکن راناثنااﷲ کے ڈیرے پرپہنچے ، ان چندکارکنوں نے ڈیرے کے سامنے سمندری روڈ کوبلاک کر کے احتجاج کیا، حکومت کیخلاف نعرے بازی کی جبکہ اس دوران مشتعل کارکنوں کی طرف سے شہریوں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا، مگر چند منٹ کے بعد ہی وہاں سے منتشر ہوگئے اور بعد ازاں رانا ثناء اﷲ کے ڈیرہ سے بھی کارکن جانا شروع ہوگئے اور وہاں پر موجود لوگوں نے ڈیرے کا گیٹ بند کردیا۔تاہم پولیس نے احتجاج کر نیوالے 20 لیگی کار کنوں کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ گرفتار کارکنوں کو تھانہ سمن آ باد ، بٹا لہ کالونی ، ڈی ٹائپ کالونی کی حوالات میں بند کر دیا گیا ہے ۔، دوسری طرف سی پی اوکی طرف سے ماتحت ذمہ داروں کو احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ وہ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے ساتھ کسی قسم کی کو ئی رعایت نہ برتیں اور انکے خلاف سخت ترین قانونی کا رروائی کی جا ئے ۔علاوہ ازیں راناثنااﷲ کے ایم ٹیگ کی کاپی 92نیوزنے حاصل کرلی۔راناثنااﷲ کی گاڑی 3بج کر19منٹ پر لاہورٹول پلازہ سے ایگزٹ ہوئی۔راناثنااﷲ کا 1.30کے بعد کسی فیملی ممبرسے رابطہ نہیں ہوا۔خاندانی ذرائع کے مطابق راناثنااﷲ کیساتھ 2ڈرائیورعامراورعثمان جبکہ4سکیورٹی گارڈبھی تھے ۔ داماد شہریار کا کہنا ہے کہ رانا ثنائاﷲ کوموٹروے سے حراست میں لیکر اے این ایف اہلکاروں نے گاڑی سے موبائل فون اور دیگر اشیا بھی قبضے میں لے لی ہیں ۔نجی ٹی وی کے مطابق رانا ثنا ئاﷲ کے 5 ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا گیا جن میں محمد اکرم، سبطین حیدر، عثمان احمد، عامر رستم، عمر فاروق شامل ہیں۔رانا ثنا کے ہمراہ گرفتار تمام افراد کا تعلق بھی فیصل آباد سے ہے ۔ رانا ثنا کی بلٹ پروف ایس یووی گاڑی رجسٹریشن نمبربی ایف 0601 سے بیگز میں چھپائی گئی 15کلو ہیروئن برآمد ہوئی۔