اسلام آباد؍ملتان(خصوصی نیوز رپورٹر؍ سپیشل رپورٹر)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے نواز شریف کے بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے کوڑے دان میں پھینک دیا، گلگت بلتستان کے الیکشن کو شفاف اور غیر جانبدار بنانے کے لئے بھرپور کوشش کی، آئندہ انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لئے جلد قانون سازی کریں گے ، محمد مصطفی ﷺ کی ناموس پر حملہ کرنے والا ہمارا اولین دشمن ہے ، کوئی بھی سیاسی جماعت ایسے مسئلے پر احتجاج کرنے والوں کو طاقت کے ذریعے منتشر نہیں کرسکتی، ان سے بات چیت کی کوشش کررہے ہیں، کس طرح عوامی مشکلات کو دور کرنا ہے ، اس ضمن میں وزارت داخلہ بہت جلد اعلامیہ جاری کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا جی بی میں اپوزیشن کے امیدوار خود کہہ رہے ہیں کہ انتخابات شفاف ہوئے ، پیپلز پارٹی بھی پہلے نتائج کو غلط کہہ رہی تھی لیکن بعد میں انہوں نے اسے تسلیم کیا لیکن مسلم لیگ (ن) کو یہ بات ہضم نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہااگر انتخابات میں دھاندلی کرنی ہوتی تو پی ٹی آئی 9 نشستیں حاصل کرنے کی بجائے 14 سے 15نشستیں حاصل کرتی۔ وزیر اطلاعات نے کہا پوری اپوزیشن کی صف اول کی قیادت ایک ماہ سے لوگوں کے اعصاب پر سوار تھی اور گلگت بلتستان کی انتخابی مہم چلا رہی تھی لیکن عوام نے ان کے بیانیے کو مسترد کر دیا ،اپوزیشن کا ہمیشہ وتیرہ رہا کہ جو الیکشن وہ خود جیتے تو الیکشن شفاف ہوتا ہے اور الیکشن ہار جائیں تو شفاف نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا نواز شریف اور ان کے خاندان نے جو اثاثے بنائے ، اس کا انہیں جواب دینا پڑے گا،مسلم لیگ (ن) کی دوسرے اور تیسرے درجے کی قیادت کی بدعنوانی کے بھی ثبوت ہیں اور انہیں احتساب کے عمل سے گزرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا ہم ای ووٹنگ اور سینٹ کے الیکشن میں شو آف ہینڈز کے علاوہ آئندہ انتخابی عمل کو مزید شفاف بنانے کے لئے قانون سازی کرنے جا رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے اور دیگر جو بھی انتخابات کے دوران وعدے کئے گئے ، اسے پورا کریں گے ۔علاوہ ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں ہم نے شفاف انتخابات کی بنیاد رکھ دی ، گلگت الیکشن میں عوام نے ن لیگ کے بیانے کو مسترد کیا، پی پی اور ن لیگ دونوں کی عوامی مقبولیت کی قلعی کھل گئی،عوام نے دونوں جماعتوں کو بری طرح مسترد کیا۔ شاہ محمود نے کہا پی ڈی ایم غیر ملکی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے جو ملک میں افراتفری و انتشار پھیلانا چاہتی ہے ، پی ڈی ایم رہنمائوں کے بیانیے ونظریات ایک دوسرے سے مختلف ہیں، ان میں یکسوئی نظر نہیں آتی،پی ایم ڈی جماعتوں کا اتحاد غیر فطری ہے ، مہنگائی موجودہ نہیں سابق حکومت کا تحفہ ہے ، ہم اس پر قابو پانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ افریقی ملک نائجر میں 27-28نومبر کو ہونے والے اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس میں ہر سال 15مارچ کو گستاخانہ خاکے بنانے والوں کے خلاف دن منانے کی قرارداد پیش کروں گا، ہم گستاخانہ خاکے بنانیوالوں کے خلاف صف آرا ہیں۔ ایک بیان میں وزیر خارجہ نے وزیر اعلیٰ سندھ کی جلد صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ دریں اثنا وفاقی وزیر فواد چودھری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے نواز شریف اور مریم کا ریاست اور اداروں کے خلاف بیانیہ مسترد کر دیا، ن لیگ اینڈ کمپنی، اب تو ووٹ کو عزت دو۔