لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) ن لیگ نے وفاق کے بجائے پنجاب کو ترجیح دینے کا فیصلہ کرلیا۔اس سلسلہ میں اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا اور حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے مارچ کا مہینہ اہمیت اختیار کر گیا ۔ حکومت کے خلاف مارچ میں مارچ کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔ معتبر ذرائع کے مطابق پاکستان میں آئندہ دو ماہ میں ممکنہ سیاسی تبدیلی کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آ رہی ہے ۔ سابق حکمران جماعت نے پس پردہ زور و شور کے ساتھ اس ضمن میں کام کا آغاز کر دیا ۔ حکومت مخالف متوقع مارچ یا احتجاج کی قیادت سابق وزیر اعلی پنجاب اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کریں گے ۔جن کی وطن واپسی فروری 2020کے وسط میں متوقع ہے ۔ذرائع نے دعویٰ کیا کہ حکومت مخالف جماعتیں ایک بار پھر ایک پلیٹ فارم پر یکجا ہو کر حکومت مخالف تحریک چلانے کا ارادہ کر رہی ہیں اور اس بار حکومت کو ہر حوالے سے ٹف ٹائم دینے کے لئے سنجیدہ دکھائی دیتی ہیں۔مارچ میں تمام اپوزیشن جماعتوں کے ایک مرتبہ پھر ایک ہی پلیٹ فارم پر اکٹھے ہونے کے واضح امکانات ہیں۔