لاہور (رانا محمد عظیم )مسلم لیگ ن نے پارٹی کو متحد رکھنے اور ن لیگ کے اراکین اسمبلی کے متوقع طور پرپارٹی کا فارورڈ بلاک بنانے کی اطلاع پر نئی حکمت عملی بنا لی ہے ۔ مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے ن لیگ کے ایک بڑے حلقے ، جو نوازشریف کے انتہائی قریب ہے نے تجویز پیش کی ہے کہ کورونا کی وبا ختم ہوتے یا اس کے کم ہوتے ہی فوری طور پر یہ افواہ پھیلا دی جائے کہ نوازشریف جلد پاکستان واپس آکر سیاسی سر گرمیوں کا آ غاز کریں گے ۔ اس ضمن میں سوشل میڈیا کمپین چلائی جائے گی اورمختلف افراد کے ذریعے متوقع فارورڈ بلاک بنانے والے اارکین اسمبلی تک یہ پیغام پہنچایا جائے گا کہ نوازشریف واپس آ رہے ہیں۔ جو پارٹی سے منحرف ہو گا ان کے خلاف کاروائی بھی کی جائے گی ۔ن لیگ کے اندر ایک بڑے مشاورتی گروپ نے جس میں نوازشریف کے قریبی لوگ شامل تھے ، نے یہ فیصلہ اور نیا منصوبہ اس بنا پر بنایا کہ انہیں اطلاع مل رہی تھی کہ نوازشریف کے وطن واپس آ نے یا نہ آ نے کے حوالے سے مکمل خاموشی اور مریم نواز کے متحرک نہ ہونے پرپارٹی کے اندر ایک بڑا گروپ قیادت سے منحرف ہو رہا ہے اور اس کو روکنے کا واحد حل یا تو نوازشریف کی وطن واپسی یا مریم نواز کا متحرک ہونا ہے ۔دوسری طرف مریم نوازاور شہباز شریف کے اختلافات اور چند ناراض لیگی رہنماؤں کومنانے کیلئے بھی سینئر رہنما متحرک ہو گئے ہیں۔اہم رہنمالاہور میں ہونے والی یوم تکبیر کی مرکزی تقریب سے مریم نواز کا خطاب چاہتے تھے مگر مریم نواز خطاب کیلئے نہ مانیں۔ نوازشریف کے قریبی ساتھی خواجہ آ صف کے بھی اس تقریب میں نہ ہونے پر کہا جا رہا ہے کہ وہ بھی کسی سے ناراض ہیں۔معاملات کو حل کرنے اور پارٹی کومتحد رکھنے کیلئے سینئر رہنما وں نے کام شروع کر دیا ہے ۔