فقیر والی،لاہور(نمائندہ 92،نیوزرپورٹر)محکمہ اینٹی کرپشن نے ن لیگی ایم این اے احسان الحق باجوہ کی قبضہ میں معاونت پر تحصیلدارہارون آباد کو گرفتار کرلیا،ماڈل ٹائون لاہور میں اراضی واگزار کرالی۔ تحصیلدار ہارون آباد اجمل سیف پر احسان الحق باجوہ کو سر کاری رقبہ پر ناجائز قبضہ کروانے میں معاونت اور 83ایکڑ اراضی کے ناجائز انتقال اور قبضہ مافیا کی سر پر ستی کے بھی الزامات تھے ملزم کے خلاف مقدمہ درج تھا تاہم ملزم نے ہائیکورٹ بہاولپور سے قبل ازگرفتاری ضمانت کروا رکھی تھی ضمانت خارج ہونے پر اینٹی کر پشن نے موقع پر گرفتار کر لیا، لیگی ایم این اے پر بھی علیحدہ مقدمہ درج ہے جو کہ بیرون ملک فرار ہو چکا ہے ۔ دریں اثنا لاہور سے نیوز رپورٹر کے مطابق تحصیلدار ہارون آباد اجمل سیف کیخلاف تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔مزیں براں اینٹی کرپشن لاہور ریجن اے کی ٹیم نے تحصیل ماڈل ٹاؤن موضع شہزادہ میں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن لاہور ڈاکٹر احمد افنان کی سربراہی میں8 کنال18 ا مرلہ سرکاری اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کروا لی جس کی مالیت2کروڑ روپے سے زائد ہے ،اینٹی کرپشن اوکاڑہ نے 65کنال14مرلے سرکاری رقبہ واگزار کر وائی جس کی مالیت1کروڑ22 لاکھ روپے ہے ،اینٹی کرپشن مظفرگڑھنے 90 ایکڑ اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کروا لی جس کی مالیت7کروڑ روپے سے زائد ہے ۔مزید براں اینٹی کرپشن لاہور ریجن بی نے رورل ہیلتھ سنٹر موڑ کھنڈا کے جونیئر ایکسرے ٹیکنیشن محمد ظہور کو رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ہے ،محمد ظہور جعلی مڈ وائف سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے لئے رشوت لے رہا تھا۔