اسلام آباد(صباح نیوز) پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمن ملک نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو خط لکھ دیا،خط میں وزیرخارجہ سے مقبوضہ کشمیرمیں مودی کے مظالم کیخلاف آئی سی جے و آئی سی سی میں جانے کا مطالبہ کیاگیا، سینیٹر رحمن ملک نے کہا کہ بدقسمتی سے حکومت نے کشمیر مسئلہ کو پس پشت ڈالا ،کشمیر میں بہیمانہ مظالم پر مودی کو عالمی عدالتوں میں گھسیٹا جائے ۔گزشتہ روزپریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر رحمن ملک نے کہا کہ کشمیر پر جو سخت رویہ حکومت کو اپنانا چاہیے تھا وہ نہیں اپنا سکی، بارہا کہہ چکا ہوں کہ حکومت مودی کیخلاف بین اقوامی عدالت انصاف میں جائے ، آج میں وزیر خارجہ کو خط لکھنے پر مجبور ہوں ،حکومت پاکستان گیمبیا کے میانمار کیخلاف آئی سی سی میں کئے گئے کیس کی طرز پر بھارت کیخلاف کیس کرے ۔انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے ہم نے کشمیر مسئلہ کو پس پشت ڈالا ہے ، حکومت بتائے کہ 5 اگست کے بعد وہ کشمیر کے لئے کیا کر سکی۔پریس کانفرنس میں آصف زرداری کی بگڑتی صحت پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے ہوئے انہوں نے حکومت سے زرداری کو مکمل میڈیکل سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ سابق صدر کو جہاں سے وہ چاہیں،علاج سے نہ روکا جائے ، زرداری کو خدانخواستہ کچھ ہوا تو ذمہ دار حکومت وقت ہوگی، انتقامی کاروائیاں بند کی جائیں، سب کیلئے ایک قانون ہونا چاہئے ۔