اسلام آباد(اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے موجودہ دور میں ڈیجیٹل میڈیا کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سماجی مسائل، خصوصی افراد کو قومی دھارے میں لانے ، خواتین کو بااختیار بنانے اور اخلاقیات کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ، حکومت نے درست حکمت عملی کے تحت عام آدمی کو کورونا وبا سے بچانے اور معاشی تحفظ فراہم کرنے کیلئے جامع اقدامات کئے ، مہنگائی اور بیروزگاری پر قابو پانے کی کوششوں کے ثمرات جلد عوام تک پہنچنا شروع ہونگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں ڈیجیٹل میڈیا انفلوئنسرز کے ساتھ ایک نشست میں کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل میڈیا کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے ، یہ رائے عامہ بنانے کا بڑاذریعہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کی کئی نئی جہتیں بھی سامنے آئی ہیں، اس سے جہاں لوگوں کی بڑی تعداد فائدہ اٹھا رہی ہے وہیں اس کے استعمال کے بارے میں اعتراضات بھی اٹھائے جا رہے ہیں جن میں جعلسازی کے ذریعے لوگوں کو لوٹنا اور جھوٹی و من گھڑت خبریں پھیلانے کا ذریعہ ہونا بھی شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر اور جلد تشخیص سے کینسر جیسے موذی مرض سے نجات ممکن ہے ، اس بارے میں بیگم ثمینہ علوی نے قومی سطح پر آگاہی مہم کی قیادت کی ہے جس کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک کے تمام بڑے اشاریے مثبت رجحان کو ظاہر کر رہے ہیں، کورونا کے دوران حکومت نے درست حکمت عملی کے تحت عام آدمی کو وبا سے بچانے اور معاشی تحفظ فراہم کرنے کیلئے جامع اقدامات کیے جبکہ مہنگائی اور بیروزگاری پر قابو پانے کیلئے اقدامات کے اثرات جلد عوام تک پہنچنا شروع ہو جا ئینگے ۔ صدارتی آرڈیننس کے اجرا کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں صدر مملکت نے کہا کہ یہ امور کی انجام دہی کا ایک قانونی راستہ ہے ، اگر اپوزیشن پارلیمنٹ میں کسی قانون کی منظوری میں رکاوٹ پیدا کرے تو ضروری امور کو تعطل کا شکار ہونے سے بچانے کیلئے س آرڈیننس ایک قانونی راستہ ہے اس کے باوجود ہمارے دور میں ماضی کی نسبت کم آرڈیننس جاری ہوئے ہیں۔ایوان صدر میڈیا ونگ کے مطابق صدر مملکت سے پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر عون عباس نے جمعہ کو ایوان صدر میں ملاقات کی۔