لاہور (حافظ فیض احمد )محکمہ ایکسائز حکام کی جانب سے گاڑیوں کی ٹرانسفر اور ٹوکن ٹیکس کی وصولی کا نظام آن لائن ہونے کے باعث ایجنٹ شہریوں سے منہ مانگی رقم لیکر مالا مال ہونے لگے جبکہ محکمہ ایکسائز کی موٹر برانچ میں گاڑیوں کی ٹرانسفر اور ٹوکن ٹیکس وصولی کا نظام ختم ہونے پر بیشتر شہری پریشانی کا شکار ہیں اور مذکورہ کاموں کے لئے ایجنٹوں کی خدمات لینے پر مجبور ہیں ۔واضح رہے ایک سال قبل محکمہ ایکسائز حکام نے گاڑیوں کی ٹرانسفر اور ٹوکن وصولی کا سلسلہ ایکسائز موٹر برانچوں سے ختم کر کے آن لائن کر دیا تاکہ شہری اپنی گاڑیوں کا از خود ٹوکن ٹیکس ادا کریں، اسی طرح گاڑیوں کی ٹرانسفر بھی ایکسائز دفاتر سے ختم کر دی گئی لیکن مذکورہ نظام شروع ہونے پر متعدد شہریوں کوآن لائن ادائیگی نظام کے متعلق آگاہی نہ ہونے پر دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کے باعث ایسے افراد اپنی گاڑیوں کی ٹرانسفر اور ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کے لئے ایجنٹوں کی خدمات لینے پر مجبور ہو گئے جو لوگوں سے منہ مانگی رقم وصول کر رہے ہیں، اس حوالے سے شہریوں نے کہا ہے کہ گاڑیوں کی ٹرانسفر اور ٹوکن ٹیکس کی وصولی ایکسائز دفاتر میں بھی ہونی چاہئے تاکہ لوگ ایجنٹوں کے پاس جانے کی بجائے ایکسائز دفاتر جا کر اپنی گاڑیوں کا ٹوکن ٹیکس ادا کرنے کے ساتھ گاڑی ٹرانسفر بھی کرا سکیں اس سے ایجنٹوں کی اجارہ داری ختم ہو گی ، نظام آن لائن ہونے کے باعث محکمہ ایکسائز موٹر برانچوں کے کئی ملازمین اپنی سیٹوں پر فارغ بیٹھے رہتے ہیں۔