لاہور (سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے یونس خان سے رابطہ کرکے اپنے بیان پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ یونس خان اور پاکستان کرکٹرز کی بہت عزت کرتے ہیں۔ گرانٹ فلاور کا ایک انٹرویو دو دن پہلے سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ یونس خان نے ایک مرتبہ بیٹنگ کے بارے مشوروں سے تنگ آ کر ان کی گردن پر چھری رکھ دی تھی تاہم اب انہوں نے اپنے بیان پر معافی مانگ لی ہے ۔گرانٹ فلاور نے کہا ہے کہ اندازہ نہیں تھا کہ انٹرویو کے بعد پوچھا جانے والا سوال میڈیا پر اتنا اچھالا جائیگا۔ذرائع کے مطابق گرانٹ فلاور نے باسط علی سے بھی رابطہ کرکے معذرت کی ہے ۔ باسط علی نے گرانٹ فلاور کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔واضح رہے کہ گرانٹ فلاور نے انٹرویو میں کہا تھا کہ یونس خان ایک سخت مزاج شخصیت کے مالک تھے ۔ مجھے ابھی تک یاد ہے کہ برسبین میں ہم ٹیسٹ میچ کھیل رہے تھے کہ ناشتے پر میں نے انہیں کچھ بیٹنگ مشورے دینا چاہے حالانکہ ان کا کیرئیر مجھ سے کہیں زیادہ بہتر تھا۔انہوں نے کہا کہ یونس خان کو میرا مشورہ دینا برا لگا اور چھری اٹھا کر میری گردن پر رکھ دی۔ اس موقع پر وہاں موجود مکی آرتھر نے ہمارے درمیان بیچ بچاؤ کرایا۔