اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی) علما کرام کے وفد نے اسلام آباد میں سری لنکا کے ہائی کمیشن کا دورہ کیا اور ہائی کمشنرسے ملاقات کر کے سیالکوٹ واقعہ پراظہارتعزیت کیا۔ڈاکٹر قبلہ ایاز، مفتی محمد تقی عثمانی، علامہ عارف واحدی، قاری حنیف جالندھری، علامہ امین شہیدی، عبدالخبیر آزاد،ابوالخیر زبیر، حامد سعید کاظمی اور علامہ ساجد میر سمیت دیگر علما کرام پرمشتمل وفد نے سیالکوٹ واقعے پر سری لنکا کے ہائی کمشنر موہن وجے ورکرما سے اظہار تعزیت کیا۔ عالم دین مفتی تقی عثمانی نے میڈیا سے گفتگومیں کہا کہ سانحہ سیالکوٹ نے تمام مکاتب فکر سمیت پورے ے ملک کو ہلا کررکھ دیا ہے ۔ سری لنکا برادرملک ہے ۔ توقع ہے اس واقعہ سے پاکستان اورسری لنکا کے تعلقات خراب نہیں ہوں گے ۔مفتی تقی عثمانی نے کہا ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے ، متاثرہ فیملی کا معاوضہ ادا کیا جائے ۔چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایازکا کہنا تھا کہ سانحہ سیالکوٹ میں ملوث افراد کوسخت سے سخت سزا دی جائے ۔قاری حنیف جالندھری نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا علما کرام جمعہ 10دسمبر کو یوم مذمت منائیں گے ۔ تمام مساجد اورامام بارگاہوں میں سانحہ سیالکوٹ کی مذمت کی جائیگی۔علامہ طاہراشرفی نے کہا کہ پاکستان کے تمام مکاتب فکرکے جید علما کرام نے سری لنکا کے ہائی کمشنرسے تعزیت کی ، سری لنکا کویقین دلاتا ہوں کہ ہم انصاف دلائیں گے ۔حامد سعید کاظمی کا کہنا تھا کہ اس سانحہ پر غمگین ہیں۔سینیٹر پروفیسرساجد میر نے سیالکوٹ سانحے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔علامہ عارف واحدی نے کہا کہ یہ شدت پسندی پاکستان اوراسلام کے ساتھ دشمنی ہے ۔سری لنکن ہائی کمشنر موہن وجے ورکرما نے میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ پاکستان نے متعدد بار ضرورت میں ہماری مدد کی ۔وزیراعظم عمران خان نے ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔