فیصل آباد(آن لائن) موجودہ نئی ٹیکس پالیسی، بجلی گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے ٹیکسٹائل سیکٹر کا بحران شدت اختیار کر گیا۔ جھنگ روڈ، غلام محمد آباد کے علاقوں کی پاور لومز اور سائزنگ فیکٹریاں بند ہونا شروع ہو گئیں۔ پاور لومز کی بندش سے ہزاروں محنت کشوں کا روزگار خطرے میں پڑ گیا۔ آن لائن کے مطابق پاکستان کے تیسرے بڑے شہر میں محنت کشوں کی تنظیموں نے بے روزگاری کے خلاف آج سے احتجاج کا اعلان کر دیا۔ فیصل آباد میں قادر آباد، فیض آباد، لکڑ منڈی، سدھار اور دھاندرہ کی 25 ہزار سے زائد پاور لومز بند ہو چکی ہے ں اور آنے والے دنوں میں صورت حال مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے جس کی وجہ سے ہزاروں محنت کش بے روزگار ہو جائیں گے ۔ حکومت کی نئی ٹیکس پالیسیوں کے باعث فیکٹری مالکان اور ایف بی آر میں ڈیڈلاک برقرار ہے اور ٹیکسٹائل چین مکمل نہ ہونے کی وجہ سے پاور لومز انڈسٹری کا بحران شدت اختیار کرتا چلا جا رہا ہے اگر ایف بی آر اور سٹیک ہولڈر سے مذاکرات کرکے خوف و ہراس اور بے یقینی کی کیفیت کو ختم نہ کیا گیا تو مزید پاور لومز فیکٹریاں بند ہو جائیں گی۔