لاہور(کلچرل رپورٹر)ڈرامہ شائقین کی سٹیج ڈرامہ میں عدم دلچسپی، ڈرامہ پروڈیوسرز پریشان، لاکھوں کا جھٹکا۔حکومت پنجاب کی جانب سے ایس او پیز کے ساتھ تھیٹرز اوپن کرنے کی اجازت دی گئی تھی جس پر آرٹسٹوں اور ڈرامہ پروڈیوسرزنے خوشی کا اظہار کیا تھا مگر ان کی خوشی تھیٹرز کھلنے کے تین دن بعد ہی رفو چکر ہوگئی جب ڈرامہ شائقین نے تھیٹرز کا رخ ہی نہیں کیا اور لاکھوں روپے کی کاسٹ پر مشتمل ڈرامہ دیکھنے ہی کوئی نہ آیا ان حالات نے جہاں آرٹسٹوں کو مایوس کیا وہاں ڈرامہ پروڈیوسرز بھی پریشانی کا شکار بن گئے ان پروڈیوسرز کا کہنا تھا کہ اتنا عرصہ تھیٹرز کی بندش نے پہلے ہی بدحال کردیا تھا رہی سہی کسر کھلنے کے بعد نکل گئی ہے ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومتی ایس او پیز کی پاسداری کررہے ہیں مگر جب کوئی ڈرامہ دیکھنے ہی نہیں آئے گا تو ہم تو دیوالیہ ہو جائینگے اگر محرم کے بعد بھی یہی حال رہاتو تھیٹرز انڈسٹری کا یہ باب بھی ہمیشہ کیلئے بندہوجائیگا۔