پشاور(تیمور خان)خیبر پختونخوا کے دور دراز اضلاع کے ہسپتالوں میں موجود سہولیات نے صوبائی حکومت کی 5سالہ صحت ایمرجنسی کا پول کھول دیا ، 784711نفوس پرمشتمل کوہستان ریجن کے 2 ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹرز ہسپتالوں،38بنیادی مراکز صحت اور 3رول ہیلتھ سنٹرز میں مجموعی طور پر 15ڈاکٹرزتعینات ہیں ۔ ذرائع کے مطابق کوہستان اپر، لوئر اور کولائی پالس اضلاع میں تعینات 15ڈاکٹرز میں سے 13میڈیکل آفیسرز اور 2ڈینٹل سرجنز ہیں، پورے ریجن میں کوئی سرجن یاگائنی سپیشلسٹ تک موجود نہیں ۔ صوبائی حکومت نے مذکورہ ریجن کے رہائشیوں کیلئے 5ڈاکٹرز کی آسامیاں مختص کرنے کی سفارش کی ہے جس میں سے 4میڈیکل آفیسرز اور ایک ڈینٹل سرجن ہوگا تاہم مذکورہ پانچ ڈاکٹروں جن کا تعلق مذکورہ اضلاع سے ہے کو ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس مکمل ہونے کے بعد ہی ایڈ ہاک یا کنٹریکٹ پر تعینات کیا جائے گا۔ وزیر صحت کے مشیر ڈاکٹر جواد واصف نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ہسپتالوں میں آلات کی خریداری اور ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کرنے کی کوشش جاری ہے ۔