اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ بھارت بین الاقوامی قوانین کو پس پشت ڈال کر مقبوضہ جموں و کشمیرمیں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے ،بھارت، بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مسلسل سیز فائر خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی آر ٹی ورلڈ فورم020 مباحثہ’’بین الاقوامی آرڈر بعد از کورونا عالمی وبا‘‘ میں بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کیا۔فن لینڈ کے وزیر خارجہ پیکا ہاوسٹو اور ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو بھی مباحثے میں شریک تھے ۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان کو بھی کورونا وبا کے باعث بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔ وزیرخارجہ نے کہاکورونا کے بعد تنازعات نے دوبارہ سے سر اٹھانا شروع کیا ،عالمی استحکام کو خطرات لاحق ہو رہے ہیں،محاذ آرائی میں کمی لانے اور تنازعات کے حل کیلئے بین الاریاستی سفارت کاری کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ آج 80 لاکھ کشمیریوں کو بھارتی قابض افواج نے محصور بنا رکھا ہے ،عالمی برادری کو جاننا چاہئے کہ خطے میں دو ایٹمی قوتوں کے مابین محاذآرائی عالمی امن کیلئے خطرات کا باعث ہو گی ۔شاہ محمود قریشی نے نائیجیریا کے وزیر خارجہ جیفری اوئنیاما کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے ۔نائجیریا میں ہونے والے دہشت گردوں کے حملے اور اس کے نتیجے میں سو سے زائد بے گناہ شہریوں کے بہیمانہ قتل اور اغوا کے واقعہ کی شدید مذمت کی اور ان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔