نیویارک( ندیم منظور سلہری سے ) وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے بروکلین میں پاکستانی امریکن ووٹرز تنظیم کے سربراہ نسیم علی زئی کے آفس میں پاکستانی رہنماؤں اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جابر حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں عوام اور کشمیری حریت کانفرنس کے لیڈروں کو نظر بند کر کے مظالم کی انتہا کر دی ہے ۔ اطلاعات ملی ہیں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو کہا ہے کہ وہ پاکستان کیساتھ بات چیت شروع کریں۔ اگر مودی نے ٹرمپ کی بات نہ مانی تو پھر کشمیر میں سول وار شروع ہو سکتی ہے ۔ اب وقت آگیا ہے کشمیریوں کی آزادی کیلئے ہر قسم کی مدد کی جائے ۔ انہوں نے کہا بھارت ایک بڑا ملک ہے اسکے دنیا بھر سے اقتصادی تعلقات ہیں،یہ وہ تلخ حقیقت ہے جو ہمیں سمجھنا پڑیگی ۔ ہم چاہتے ہیں مودی حکومت ہم سے بات چیت کرے اگر اس نے چھ سات ماہ مزید تاخیر کر دی تو پھر صورتحال قابو سے باہر ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا میڈیا کورٹس کے بارے میں میرے پاس معلومات نہیں کیونکہ میں اس وقت ملک سے باہر ہوں۔