اسلام آباد (خبر نگار خصوصی ، نیوزایجنسیاں ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کی کامیابی جمہوریت کی فتح ہے ، اپوزیشن کے مضبوط اتحاد نے حکومتی صفوں میں دراڑیں ڈال دیں۔ جمعہ کو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل ،نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک اور عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان سے ٹیلیفونک گفتگو کی اور سینٹ میں پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کی جیت کی مبارکباد دی۔ بلاول بھٹو نے کہاعمران خان کی نام نہادتبدیلی کو حکومت کے باضمیر عوامی نمائندوں نے بھی مسترد کردیا۔بلاول بھٹو زرداری نے عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی کو بھی فون کرکے سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہااپوزیشن جماعتوں نے یوسف رضا گیلانی کی کامیابی سے حکومت کیخلاف اہم سنگ میل طے کرلیا ہے ۔ یوسف رضا گیلانی کی کامیابی سے حکومت بوکھلا چکی ہے ۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی منزل عمران خان کے اقتدار کا خاتمہ ہے ۔ دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری سے پیپلز پارٹی امریکہ کے صدر خالد اعوان اور پارٹی کے سینئر رہنما نبیل گبول نے بھی زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کرکے سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر فیصل کریم کنڈی اور سید نوید قمر بھی موجود تھے ۔ادھر پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء نیئر بخاری نے کہا ہے الیکشن کمیشن کے جراتمندانہ ردعمل کا خیر مقدم کرتے ہیں،پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اداروں کی مضبوطی کی بات کی ۔ایک بیان میں نیئر بخاری نے کہا عمران خان نے شکست تسلیم کرنے کی بجائے آئینی ادارے کے کردار پر سوالیہ نشان اٹھایا۔ الیکشن کمیشن کے بیان کے بعد وزیراعظم معافی مانگیں۔