لاہور(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں ) مسلم لیگ ن کے صدراور قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیا زی کے اندر ہٹلر کے جراثیم ہیں ۔ رانا ثناء اﷲ کو کچھ ہوا تو عمران نیا زی ذمہ دار ہونگے ۔گزشتہ روز منشیات کیس میں گرفتار ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اﷲ کی لاہورمیں واقع رہائش گاہ پر انکے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی کیلئے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے مزیدکہا کہ رانا ثنا کو ادویہ ،کھانا اور پانی نہیں دیا جارہا ،ان کو جیل میں جہاں رکھا گیا وہاں بلب ہے نہ پنکھا ،کیا یہ ریاست مدینہ کا ماڈل ہے ؟۔دشمن کیساتھ بھی ایسا نہیں کیا جاتا،اداروں سے اپیل ہے کہ وہ مجرمانہ غفلت کا نوٹس لیں ۔عمران نیازی کی بدترین فسطائی سوچ اور اور ہتھکنڈے سامنے آچکے ہیں۔رانا ثنا پر کیس بے بنیاد ہے ، پہلے نیب پوری کوشش کے باوجودرانا ثنا کیخلاف کرپشن یا کک بیک کا کیس نہ بنا سکا ۔ میرابھائی اور بیٹا گرفتار ہے ،میں محتاط کس بات کا ہوں؟۔ایجنڈا ن لیگ کیخلاف ہے ،فوکس ن لیگ ہے ۔ہم حمزہ کیلئے نہیں عوام کے دکھ درد کیلئے اور کروڑوں عوام کی آواز بننے کیلئے نکلیں گے ۔علیمہ خان کے پاس پیسہ کہاں سے آیا؟ ،یورپ اوردبئی میں محلات کیسے خریدے ؟۔عمران نیازی کا چیمبراور ٹیم خالی ہے ۔سلیکٹڈ وزیراعظم کہنے پر سپیکر کو اعتراض ہوا،میں نے کہا سائیڈ لائن وزیر اعظم ہیں ۔ اس موقع پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ راناثنا اب عمران آمریت کا مقابلہ کر رہاہے ، ایف آئی آر پڑھ کر ہنسی آتی ہے ۔ رانا ثنا کی اہلیہ نے کہا کہ جن لوگوں نے رانا ثنا کو گرفتار کیا انہوں نے کلمہ پڑھ کر کہاکہ پتا نہیں کیوں زیادتی کی جا رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں رانا ثنا کیخلاف مقدمہ کے مختلف قانونی پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔علاوہ ازیں اپنے بیان میں ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے جیل میں رانا ثنااﷲ کو دوا اور خوراک کی عدم فراہمی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب آپ رانا ثنا کی جان کیساتھ کھیل رہے ہیں،آپ کو جیل میں بیٹھے رانا ثنا سے بھی ڈرلگتا ہے ۔دریں اثنا رانا ثنا اﷲ کی اہلیہ نبیلہ ثنا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنے شوہرکی صحت کے بارے میں تشویش ہے ۔ حکام سے بات کرنے کی بھی کوشش کی مگر کوئی بھی سننے کیلئے تیار نہیں ۔علاوہ ازیں نجی ٹی وی کے مطابق نبیلہ ثنا نے کہا کہ رانا ثنا کی گاڑی میں خود میں نے انکی دوائیاں اور دیگرسامان رکھوایا ، گھر کی فوٹیج موجود ہے ،ہمیں انکی گاڑی سے منشیات سے بھرے بیگ کی برآمدگی کی فوٹیج دکھائی جائے ۔