لاہور(خصوصی نمائندہ)گورنر پنجاب چودھری سرور نے مقبوضہ کشمیر میں ایک ہی روز میں 13کشمیر یوں کے ماورائے عدالت قتل کوبدتر ین دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مودی کے ہاتھ انسانیت کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔دنیا بھارتی مظالم کا مزید تماشہ دیکھنے کے بجائے بھارت کو فوری طور پر دہشت گرد ملک قرار دے ۔کشمیر میں مسلمانوں کو اقلیتوں میں بدلنے جیسا بھارتی منصوبہ خطے میں امن کی تباہی ہے اور ایسے منصوبوں سے بھارت خود اپنے پاؤں پر کلہاڑی مار رہا ہے ۔گورنر ہاؤس میں تحر یک انصاف کے مرکزی رکن حاجی رمضان اور دیگر کی قیادت میں ملاقات کر نیوالے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر آج بھی پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہم کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی سمیت ہر قسم کی حمایت کر رہے ہیں اور جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا ہم انکے ساتھ کھڑے ہیں اور کسی بھی قر بانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس کشمیر یوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق آزادی دینے کے سواکوئی آپشن نہیں اور جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوگا خطے میں اَمن بھی قائم نہیں ہوسکتا۔