وراثتی سرٹیفکیٹ اب عدالت کی بجائے نادرا سے لینا ہو گا۔ گورنر پنجاب نے اس سلسلہ میں وفاقی حکومت کی ہدایت پر صدارتی آرڈی ننس 2021ء جاری کر دیا ہے۔ آرڈی ننس کے تحت اگر کوئی شخص فوت ہو جائے تو اس کے ورثاء سرٹیفکیٹ کے حصول کے لئے عدالت کی بجائے نادرا آفس سے رجوع کریں، نادرا جو سرٹیفکیٹ جاری کرے گا اسے عدالتی سرٹیفکیٹ کا درجہ حاصل ہو گا۔ بلا شبہ یہ بہت قابل تحسین اقدام ہے اس سے نہ صرف شہریوں کے لئے آسانیاں پیدا ہونگی بلکہ ان کا وقت ضائع ہونے سے بچ جائے گا جس کے لئے انہیں عدالتوں میں بار بار چکر لگانے کے علاوہ عدالتی فیسوںکے جھمیلوں سے بھی گزرنا پڑتا ہے۔ دوسرے اس کا فائدہ یہ ہے کہ عدالتوں پر بھی کام کا بوجھ کم ہو گا۔ بسا اوقات لوگوں کو ایسے سرٹیفکیٹس کے حصول کے لئے عدالتی تقا ضے پورا کرنے کے لئے نادرا سے بعض کاغذات لانے پڑتے ہیں ،چونکہ نادرا کے پاس شناختی کارڈ کے حامل ہر شخص کے مکمل کوائف محفوظ ہوتے ہیں اس لئے یہ سرٹیفکیٹس جاری کرنے میں اسے کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور شہریوںکو ایک ہی جگہ پر کم سے کم وقت میں ایک ہی فیس کی ادائیگی کے ساتھ وراثتی سرٹیفکیٹس حاصل ہو سکے گا۔ نادرا کو چاہیے وہ ناصرف آرڈی ننس پر عملدرآمد کرائے بلکہ اس کی روشنی میںلوگوں کی رہنمائی کرے اور انہیں معلومات فراہم کرے تاکہ آئندہ یہ تمام عمل بحسن و خوبی انجام پا سکے۔