کراچی (سپورٹس ڈ یسک) سیکریٹری سندھ فٹبال ایسوسی ایشن ریاض احمد کا کہنا ہے کہ نارملائزیشن کمیٹی نے فٹبال سرگرمیوں کو بحال کیا، ریکارڈز کی حوالگی سے متعلق 24مارچ 2020ء کی حتمی تاریخ کا لیٹر جاری کیا تھا لیکن اس میں مزید توسیع کی جارہی ہے ۔آئندہ چند روز میں چیئرمین خواجہ عبید الیاس توسیع کا لیٹر جاری کردیں گے ۔ ملکی صورتحال کے بہتر ہوتے ہی نارملائزیشن کمیٹی سندھ زیادہ متحرک انداز میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2015ء کے متنازع الیکشن کے باعث پاکستان فٹبال فیڈریشن دو گروپ میں تقسیم ہوگئی جس کی وجہ فٹبال میدانوں کے بجائے عدالتوں میں کھیلی جانے لگی۔ 2018ء میں سپریم کورٹ کا حتمی فیصلہ فیصل صالح حیات کے خلاف آیا تو یہ طوفان مختصر عرصہ کیلئے تھم گیا لیکن فیصل صالح حیات سپریم کورٹ کے فیصلے کو برملا تسلیم کرنے سے گریزاں نظر آئے جس کی وجہ سے فٹبال کلبز اور آرگنائزر شش وپنج میں مبتلا رہے ایک گروپ اپنے مخالف گروپ کے فٹبال سرگرمیوں کو غیر قانونی قرار دے کر متعلقہ فٹبال کلبوں اور آرگنائزرز کو معطلی کرتا رہا اور فٹبال کی سرگرمیاں پھر افراتفری کا شکار ہوگئیں۔ بہرحال اس مشکل اور نازک صورتحال کا فیفا نے نوٹس لیا اور دونوں گروپ ( فیصل صالح حیات اورظاہر شاہ) کے نمائندوں سے ملاقات کرکے 2019ء میں حمزہ خان کی چیئرمین شپ میں ایک 5رکنی نارملائزیشن کمیٹی قائم کردی ۔ جس کو پاکستان کی فٹبال کو ایک ٹریک پر لانے کیلئے مکمل اختیارات تفویض کیے گئے ۔اس کمیٹی نے تقریب 6ماہ میں اے ایف سی اور فیفا سے اپنے تعلقات کو استوار کرتے ہوئے پاکستان پر عائد پابندیوں کو ختم کراکے پاکستان کی انٹرنیشنل سرکٹ میں شرکت کو یقینی بنانے کیساتھ ساتھ فیفا سے معطل شدہ فنڈنگ کو دوبارہ ریلیز کراکے پاکستان میں بھی فٹبال کی سرگرمیوں کو بحال کرایا۔اب پاکستان میں صوبائی فٹبال ایسوسی ایشن کی نارملائزیشن کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جو اپنے متعلقہ صوبائی اور ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشنوں کے سابق عہدیداران سے پلیئرز ڈیٹا، اکاؤنٹس، گول پروجیکٹ و دیگر ریکارڈ کے حصول کو یقینی بنا کر کلب اسکروٹنی کے بعد صاف و شفاف الیکشن کے ذریعہ فٹبال کھیل کی باگ و ڈور منتخب اراکین کو سونپ کر پاکستان کی فٹبال کو ترقی کی راہ پر گامزن کرکے اپنے فرائض سے سبکدوش ہوجائے گی۔ نارملائیزیشن کمیٹی سندھ نے پلیئر ڈیٹا ، اکاؤنٹس و دیگر ریکارڈ کیلئے ایس ایف اے اور متعلقہ ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کے سابق عہدیداران کو ریکارڈز کی حوالگی سے متعلق 24مارچ 2020ء کی حتمی تاریخ کا لیٹر جاری کیا تھا لیکن اس میں مزید توسیع کی جارہی ہے ۔آئندہ چند روز میں چیئرمین خواجہ عبید الیاس توسیع کا لیٹر جاری کردیں گے ۔ ملکی صورتحال کے بہتر ہوتے ہی نارملائزیشن کمیٹی سندھ زیادہ متحرک انداز میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی کیونکہ ہمیں جو وقت دیا گیا ہے وہ بہت کم ہے اور ٹارگیٹ زیادہ ہیں۔ جس میں سب سے بڑا ٹاسک کلب اسکروٹنی کا عمل ہے جو ایک مشکل مرحلہ ہے لیکن ہم پُرعزم ہے کہ اس مرحلے کو بھی دیانتداری اور شفافیت کے ساتھ اپنے انجام تک پہنچاکر سرخرو ہونگے۔