گجرات، لاہور (نمائندہ 92 نیوز، خصوصی نمائندہ) گجرات ڈسٹرکٹ جیل کی انتظامیہ کے نارواسلوک اور رشوت مانگنے پر قیدیوں نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے جیل میں توڑ پھوڑ کر دی، کئی حصوں میں آگ لگا دی، دو پولیس کانسٹیبلوں سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے ،رات گئے انتظامیہ سے مذاکرات کامیاب ہوگئے ، آٹھ گھنٹوں کی ہنگامہ آرائی کے بعد قیدی بیرکوں میں واپس چلے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق گجرات جیل میں بند تین ہزار کے قریب قیدی جیل انتظامیہ کے نارواسلوک کے باعث بیرکوں سے نکل کر جیل انتظامیہ کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے جیل کی چھتوں پر چڑھ گئے ، توڑ پھوڑ کی اور آگ لگادی، قابو پانے کیلئے ضلع بھر سے نفری منگوائی گئی، رات گئے ڈی آئی جی جیل خانہ جات گجرات جیل پہنچے اور انہوں نے قیدیوں سے مذاکرات کئے جس پر ہنگامہ ختم ہوا۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ قیدیوں سے قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ جیل انتظامیہ نے قیدیوں سے انکے لواحقین کی ملاقاتیں کئی ماہ سے بند کر رکھی ہیں، من پسند افراد کو انکے قیدیوں سے ملاقات کرائی جاتی، قیدیوں نے جیل انتظامیہ کے خلاف وزیر اعلی پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔دریں اثنا وزیراعلی عثمان بزدار نے قیدیوں کی ہنگامہ آرائی کانوٹس لیتے ہوئے آئی جی جیل خانہ جات سے رپورٹ طلب کرلی۔وزیر اعلی نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ذمہ داروں کا تعین کر کے قانون کے تحت کارروائی کی جائے ۔