لاہور(کلچرل رپورٹر)آئی پی پی اے (انٹرنیشنل پاکستان پریسٹج ایوارڈز) تیسری بار بین الاقوامی سطح پر منعقد ہونے والا ‘ فلمی ایونٹ ناروے کے ایکس میٹنگ پوائنٹ میں منعقد ہوا۔ شام کا آغاز زارا فاطمہ اور صائم علی کی میزبانی میں ستاروں سے بھرپور ریڈ کارپٹ کے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کیا گیا جس کے بعد عشائیے کا اہتمام کیا گیا ۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز پاکستان اور ناروے کے قومی ترانوں کے ساتھ ہوا ۔شہروز سبزواری اور صدف کنول نے سٹیج پر زبردست ڈانس پرفارمنس پیش کی ۔تقریب کی دوسری میزبان جوڑی یاسر حسین اور مومل شیخ کی تھی جنہوں نے بیسٹ ٹی وی پریذنٹر آف ویورز چوائس کے ایوارڈ کا اعلان کیا ۔ اوپرا زکے سی ای او زعیم اور ہانیہ عامر نے یہ ایوارڈ یاسر حسین کو پیش کیا۔بیسٹ ڈیبیو میل کا ایوارڈ سی ای او پروف سکیورٹی قیصر علی اور سونیا مشال نے شایان خان کو پیش کیا ۔بیسٹ ایمرجنگ ٹیلنٹ ویورز چوائس کا ایوارڈ بشا عباس کے حصے میں آیا ۔ بیسٹ ماڈل آف دی ائیر ویورزچوائس کا ایوارڈ صدف کنول نے علی ملک اور سونیا مشال سے وصول کیا۔اگلا سیگمنٹ یاسر حسین اور عدنان صدیقی کی دلچسپ گفتگو پر مبنی تھا جس سے ناظرین بے حد لطف اندوز ہوئے ۔ایوارڈز تقریب کی اگلی میزبان جوڑی حرا اور مانی کی تھی ۔پہلے آئی پی پی اے سٹائل آئی کون ویورز چوائس ایوارڈپیش کرنے کے لئے نومی انصاری اور مایا علی کو سٹیج پر مدعو کیاگیا یہ ایوارڈ عائشہ عمر اوراظفر رحمن کے سپرد کیا۔آئی پی پی اے سنگر آف دی ایئر ویورز چو ائس ایوارڈ آئمہ بیگ کے حصے میں آیا۔ اس کے علاوہ ایوارڈ پانے والوں میں ہانیہ عامر ،احسن خان، زیبا بختیار، حرا مانی،احسن طالش ،ثمینہ ہمایوں ، فرحان سعید ، اقراء عزیز، نیلم منیر،عدنان صدیقی، ندیم بیگ ، احمد علی بٹ، زارا نور عباس، ہمایوں سعید، کبری خان،حمزہ علی عباسی شامل ہیں ۔ دوسری جانب ایوارڈ شو میں بد مزگی بھی دیکھی گئی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شرکاء کو مہنگے داموں ٹکٹ فروخت کرنے کے بعد ان کو نشستیں بھی نہ دی گئی جبکہ احتجاجی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہیں۔