اسلام آباد (این این آئی)قومی ٹیم کے سابق سٹار کرکٹر وقار یونس نے اپنے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے نازیبا ویڈیو کا لائک سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ ٹوئٹر پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ صبح جب میں اٹھا تو کسی نے میرا ٹوئٹر ہیک کرکے نہایت ہی نازیبا، بیہودہ ویڈیو کو میرے اکاؤنٹ سے لائک کیا ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ میرے اور اہل خانہ کے لیے بڑی افسوس ناک، شرمناک اور تکلیف دہ بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ پہلی دفعہ نہیں ہوا بلکہ اس سے قبل بھی ہوچکا ہے اور یہ انسان تو باز نہیں آئے گا لہٰذا میں نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ آج کے بعد میں سوشل میڈیا پر نہیں آؤں گا کیونکہ مجھے میرے گھر والے زیادہ عزیز ہیں، اگر کسی کو اس بات سے تکلیف ہوئی تو میں معذرت خواہ ہوں۔