جہانیاں(آن لائن) برصغیر کی صدارتی ایوارڈ یافتہ معروف پاپ سنگر نازیہ حسن کا55واں یوم پیدائش جمعہ کومنایا جائے گا۔ نازیہ حسن 3اپریل 1965 ء کو کراچی میں پیدا ہوئیں انہوں نے اپنا بچپن کراچی اور لندن کے تعلیمی اداروں میں گزارا ، 1980ء میں نازیہ حسن صرف 15برس کی عمر میں اس وقت شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں جب انہوں نے بھارت کے معروف فلم ساز فیروز خان کی فلم ’’ قربانی ‘‘ میں ’’ آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے تو بات بن جائے ‘‘ گایا ۔نازیہ حسن نے اپنے بھائی زوہیب حسن کے ساتھ مل کر پاکستانی موسیقی میں ایک نئی جہت روشناس کروائی انہوں نے 80کی دہائی میں موسیقی میں مغربی انداز متعارف کروایا ، اسی وجہ سے نازیہ حسن کو پاپ موسیقی کے بانیوں میں شمار کیا جاتا ہے ۔ نازیہ حسن 13اگست2000ء کو لندن کے ایک اسپتال میں صرف 35برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں وہ کینسر کے موذی مرض میں مبتلا تھیں۔نازیہ حسن کو پرائڈ آف پرفارمنس ،بیسٹ فی میل پلے بیک ایوارڈ،15گولڈ ڈسکس سمیت متعدد ایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے ۔