لاہور(کلچرل رپورٹر)معروف ڈائریکٹر فاروق مینگل نے ناقص پرفارمنس کی بنا پر اداکارہ حرا خان کو اپنی ’’میں تیری گلناز ہوں‘‘ سے الگ کر دیا ہے ۔فاروق مینگل نے اس فلم کیلئے اداکارہ حرا خان کو ٹائٹل رول کے لئے کاسٹ کیا تھا جس کا سکرپٹ خلیل الرحمنٰ قمر نے تحریر کیا ہے ۔ فلم کی شوٹنگ کئی ماہ سے سرگودھا،اسلام آباد اور پشاور میں جاری تھی جس کا کافی زیادہ کام بھی مکمل کرلیا گیا ۔ تاہم چند روز پہلے جب فاروق مینگل اور خلیل الرحمنٰ قمر نے حرا خان کے کام کا جائزہ لیا تو انہیں بہت زیادہ مایوسی ہوئی کیونکہ اداکارہ اپنی پرفارمنس سے بالکل بھی متاثر نہیں کرپائی جس کے بعد رائٹر اور ڈائریکٹر نے فیصلہ کیا کہ اس کردار کے لئے کسی اور باصلاحیت اداکارہ کو کاسٹ کیا جائے ۔فاروق مینگل کے ساتھ اس پراجیکٹ میں ڈائریکٹر عباس کاکڑ بھی شامل ہیں جو طویل عرصہ سے ایک ساتھ کام کررہے ہیں حرا خان نے مس ویٹ سے شہرت حاصل کی تھی جس کے بعد وہ کئی ڈراموں اور کمرشلز میں کام کرچکی ہیں تاہم ان کے کیرئر کی پہلی فلم مکمل نہ ہوسکی اور ناقص پرفارمنس کی وجہ سے انہیں الگ کردیا گیا۔