اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی،سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے بھارت کیخلاف میچ کیلئے پوری قوم نے اپنی ٹیم کو دعائیں دیں لیکن نالائق اعظم نے اسے ریلو کٹا کہا،عمران صاحب اہم ترین میچ میں اترنے والی اپنی ٹیم کے حوصلے بڑھائے جاتے ہیں حوصلہ شکنی نہیں کی جاتی ، عمران صاحب پاکستان کرکٹ ٹیم کا ایک ایک کھلاڑی قوم کا فخر ہے ،آپ کو کتنی دفعہ مفت مشورہ دیا کہ آپ چُپ رہا کریں ، سب سے پہلے عمران صاحب کے دماغی معائنے کا کمیشن بنانے کو ترجیح دی جائے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہاعمران صاحب جتنے مرضی کمیشن بنائیں، آپ کو سیلیکٹڈ، ووٹ چور اور کٹھ پتلی وزیراعظم کہتے رہیں گے ۔ ’ہائی پاورڈ انکوائری کمیشن‘ کب بنے گا ؟، عمران خان دھمکیاں نہ دیں، تاریخ بتائیں؟ ، عمران صاحب جتنے مرضی کمیشن بنا لیں، آئین، قانون اور پارلیمان کی بالادستی پہ کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔عمران صاحب ایک انکوائری کمیشن بنائیں جو پتہ لگائے کہ ’کیا تھے وہ ذرائع‘ جن سے علیمہ باجی نے اربوں کی غیر قانونی جائیدادیں خریدیں؟، آپ کی آمدن اور اثاثے کیا ہیں؟ آپ ایک لاکھ ٹیکس کس حساب سے دیتے ہیں؟، ایک انکوائری کمیشن یہ بھی بنائیں جو تحقیق کرے کہ صرف 10 ماہ میں ترقی کی شرح آدھی اور مہنگائی تین گنا کیسے ہوگئی؟، ایک کمیشن بنائیں جو پتہ لگائے ایک کروڑ نوکریوں، 50 لاکھ گھروں اور ڈیم فنڈز کا کیا ہوا، اپنی نالائقیوں پر آپ کو ایک نہیں 100 کمیشن بنانے پڑیں گے ،عمران صاحب پچھلے 10 سال کے علاوہ پچھلے 10 ماہ کے 5 ہزار ارب روپے کی انکوائری بھی شامل کریں۔